Swat

ریاستِ سوات کے وزیراعظم کے گھر کو لیز پر دینے کا اشتہار جاری

(باخبر سوات ڈاٹ کام)صوبائی حکومت کے محکمہئ کلچر اینڈ ٹور ازم اتھارٹی نے سوات کے سابق دارالخلافہ سیدو شریف میں ریاستِ سوات کے وزیرِ اعظم (مشر وزیر) کے گھر اور موجودہ ”سوات سرینہ ہوٹل“کی تاریخی اور اربوں روپے کی عمارت کو لیز پر دینے کے لئے بولی کا اشتہار دے دیا۔ اشتہار میں نیلامی کے لئے22ستمبر کی تاریخ دی گئی ہے۔ لیز کی مدت15سال ہوگی۔ ریاست کے دور میں یہ عمارت وزیرِ اعظم (مشر وزیر) کا گھر اور اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس تھی۔ اس عمارت کا پہلا نام ”وزیر ہاؤس“ دوسرا”سوات ہوٹل“ اور تیسرا اور موجودہ نام”سوات سرینہ ہوٹل“ ہے۔ اس وقت کے وزیرِ اعظم اور کچھ وزرا نے جب ریاست سوات میں والئی سوات کا تختہ الٹنے کی کوشش شروع کی، تو خفیہ اداروں کی اطلاع پر والئی سوات نے ان کو گرفتار کرکے ریاست بدر کیا اور اس عمارت کو ہوٹل میں تبدیل کیا۔ اس میں پی آئی اے اور پی ٹی ڈی سی کے دفاتر بھی تھے۔اس ہوٹل کانام ”سوات ہوٹل“ رکھا گیا، جو ریاستِ سوات کے ادغام کے بعد بھی برقرار تھا۔ 1984ء میں صوبائی حکومت نے اس عمارت کو سرینہ ہوٹلز کو لیز پر دے دیا، جس کا نام ”سوات سرینہ“ رکھ دیا گیا۔ ہوٹل کی عمارت 44کنال 6 مرلہ ہے جس میں مہمانوں کے لیے 49 کمرے، دفاتر، ریسٹورنٹ، سٹاف کے کمرے، سٹاف کے گھر، سوئمنگ پول، جیم اور بڑے بڑے لان شامل ہیں۔ یہ عمارت سوات کے سب سے پوش علاقہ سیدو شریف روڈ پر ودودیہ ہال اور کمشنر ہاؤس کے درمیان میں ہے۔ اس کے تین اطراف سڑک ہے۔ سوات کی اس تاریخی عمارت کی صرف زمین کی قیمت کم از کم 9 ارب 30 کروڑ 52 لاکھ 80 ہزاروپے ہے۔ رئیل اسٹیٹ کا کام کرنے والے نواب علی کے مطابق اس جگہ پر تو کوئی نجی پراپرٹی نہیں لیکن اس عمارت کا فرنٹ کمشنر ہاؤس سے شروع ہوکر ودودیہ ہال کی سڑک پر ختم ہوتا ہے۔ اس لیے اس زمین کی کم از کم قیمت40 ہزار روپے فی مربع فٹ ہونا چاہیے۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔