Swat

سوات سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ

(باخبر سوات ڈاٹ کام)سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مزدوری کرنے والے خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افرادکے ویزے دوبارہ ختم ہونے کا امکان پیدا ہوگیا۔ چھٹی پرآنے والے یہ افراد کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے بعد واپس نہ جاسکے جس کی وجہ سے ان کے ویزے کی میعاد ختم ہوگئی۔ اب سعودی حکومت نے ان تمام ویزوں میں 29 ستمبر تک توسیع کی ہے۔ قومی ائیر لائن پی آئی اے کے دفتر میں موجود 55 سالہ گل محمد نے مشرق کو بتایا کہ سعودی عرب میں دیہاڑی کرتا ہوں۔ چھے ماہ کی چھٹی پر دو سال بعد گاؤں آیا تھا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ویزی کی میعاد ختم ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے پاس کھانے کے لئے بھی پیسے نہیں۔قومی ائیر لائن میں ان کا دو طرفہ ٹکٹ ہونے کے باوجود انہیں سیٹ نہیں مل رہی۔ پی آئی اے سیل آفس کے انچارج شوکت خان نے مشرق کو بتایا کہ ریاض، مدینہ، جدہ اور دمام کے لئے 29 ستمبر تک شیڈول کی پروازوں میں تیس ہزار تک افراد لے جانے کی گنجائش ہے۔ صرف اس دفتر میں سیٹ حاصل کرنے کے لئے 85 ہزار افراد نے ناموں کا اندراج کیا ہے۔ دفتر میں موجود محمد رسول نے روتے ہوئے بتایا کہ وہ ابو ظہبی میں مزدوری کرتا ہے۔اس کے ریٹرن ٹکٹ پر جہاز میں نشست نہیں مل رہی جس کی وجہ سے اس کا ویزا ختم ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی اور امارات جانے والے افراد کے لئے کورونا ٹیسٹ پرواز سے 74گھنٹے پہلے کرنا ضروری ہے۔ اس ٹیسٹ کے بھی 8 سے 10 ہزار روپے لیبارٹری والے لیتے ہیں۔ ہم ٹکٹ کنفرم ہونے سے پہلے وہ بھی نہیں کرسکتے۔سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پی آئی اے کا بیشترممالک کے لئے فلائٹ آپریشن بند ہے۔ اس لئے وہ خصوصی پروازیں چلا کر ان مزدوروں کو سعودی عرب پہنچادیں۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق صرف سعودی عرب میں 26لاکھ پاکستانی کام کے لئے مقیم ہیں۔اس وقت پاکستان سے سعودی عرب کے لئے چار ائیر لائنیں پرواز کر رہی ہیں لیکن ان کے ٹکٹ میں ہوش ربا اضافہ ہوا ہے۔ کراؤن ٹریولرز کے ایم ڈی امتیاز خان کے مطابق لاک ڈاؤن سے پہلے سعودی عرب کا کرایہ زیادہ سے زیادہ 40 ہزار روپے تھا۔ اس وقت سعودی عرب کے لئے پشاور، اسلام اباد سے پی آئی اے کا یک طرفہ کرایہ 1 لاکھ 33 ہزار تک، سعودی ایئر لائن کا 1 لاکھ 72 ہزار، ناس ائیر لائن کا1لاکھ 52ہزار تک اور ائیر بلیو کا یک طرفہ کرایہ1 لاکھ 24 ہزار روپے تک ہے جو عام مزدور برداشت نہیں کرسکتا۔اس وقت سعودی عرب کے لئے پاکستان سے پرواز کرنے والی چار میں سے صرف دو پی آئی اے اور سعودی ائیر لائن میں بزنس کلاس کی سہولت موجود ہے۔ 29 ستمبر تک دونوں ائیر لائنوں میں بزنس کلاس کی تمام نشستیں بک ہیں۔ اس سے پہلے ان ائیر لائنوں کی بزنس کلاس اکثر اوقات خالی ہوتی تھی، مگر مجبوری کی وجہ سے لوگوں نے قرض دار کرکے بزنس کلاس کے ٹکٹ خریدے ہیں، تاکہ ان کے ویزے ختم نہ ہو نے پائیں۔ماہرِ اقتصادیات اور سوات یونیورسٹی کے شعبہئ اقتصادیات کے چیئرمین ڈاکٹر انور حسین نے مشرق کو بتایا کہ کورونا وائرس، لاک ڈاؤن سے بے روزگاری میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافہ اور مہنگائی کی وجہ سے پہلے ہی لوگوں کی قوت خرید کم ہوچکی ہے۔ اب خلیجی ممالک میں کام کرنے والے افراد بھی اگر نہ جاسکے، تو اس سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک میں کام کرنے والے افراد پورے خاندان کے کفیل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جو اپنے بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں پڑھاتے ہیں، وہ ان کو بھی فیس نہ ہونے کی وجہ سے نکال دیتے ہیں اور جن لوگوں کے پاس باپ، دادا کی جائیداد یا ان کی خریدی ہوئی جائیداد ہے، وہ اس کو بھی فروخت کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔