(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں مرد، خواتین، پولیس اور افسران کے لئے خوف و دہشت کی علامت خاتون عقل زادگئی المعروف امریکہ کو مبینہ طور پر صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں داماد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ شانگلہ سے تعلق رکھنی والی ”امریکہ“ کئی سال پہلے سوات منتقل ہوئی تھی۔ اس پر قبضے کرنے، منشیات فروخت کرنے سمیت دیگر الزامات تھے۔ مرحومہ پر مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں، تاہم کوئی پولیس والا اس کی گرفتاری کے لئے تیار نہیں تھا۔ سوات میں ایک شخص نے کروڑوں روپے مالیت کا بنگلہ تعمیر کیا تھا اور لین دین پر کچھ با اثر افراد اس گھر پر قبضہ کرنا چاہتے تھے، جس کی وجہ سے بنگلہ کے مالک نے امریکہ کو اس گھر میں بٹھا دیا۔اس کے بعد کسی نے مذکورہ بنگلہ میں جانے کی جرأت تک نہیں کی۔ اکثر سرکاری افسران بھی امریکہ سے ایسے ڈرتے تھے جیسے کمزور ممالک اصلی امریکہ سے ڈرتے ہیں۔ اس کے بارے مشہور تھا کہ اگر اس پر چار مرد بھی حملہ کردیں، تو وہ بیک وقت ان کو ہرا سکتی ہے اور ان کو اتنا مار سکتی ہے کہ ان کوطبی امداد کے لئے ہسپتال جانا پڑے گا۔ امریکہ کے بارے میں یہ بھی مشہور تھا کہ اس کے ہاتھوں زخمی کئی مرد آرتھوپیڈک وارڈ میں بھی زیرِ علاج رہے۔ ذرائع کے مطابق امریکہ اپنی شادی شدہ بیٹی کے گھر حیدر آباد گئی تھی جہاں کسی بات پر جھگڑے کے بعد داماد نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا۔
Swat
