Swat

زیتون کے جنگلی درختوں سے پاکستان کثیر زرِ مبادلہ کما سکتا ہے (خصوصی رپورٹ)

(باخبر سوات ڈاٹ کام)خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع میں لاکھوں کی تعداد میں زیتون کے جنگلی درخت موجود ہیں، جن سے کروڑوں زیتون کے دانے ضائع ہورہے ہیں۔ سوات میں ماہرینِ زراعت نے جنگلی زیتون کے درختوں سے قلم لے کر دیگر درختوں میں پیوند کاری کی، جس کے مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ ماہرِ زراعت حسین شاہ نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایاکہ سوات سمیت مختلف علاقوں میں زیتون کے جنگلی درخت موجود ہیں، جن سے زیتون کے دانے جنگلات میں ضائع ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام اضلاع کے لوگ ان جنگلی درختوں سے باقی درختوں میں قلم کاری کریں، تو ان کی آمدن میں اضافہ ہوجائے گا۔ پاکستان کے خوردنی تیل کی درآمد بتدریج کم اور ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور محکمہئ زراعت اس میں زمین داروں اور کاشت کاروں کی سرپرستی کرے، تو اس نقدآورفصل سے کثیر زرِمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ ماہرِ زراعت فضل مولا زاہد نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ پاکستان خوردنی تیل کے درآمد پر سالانہ تین ارب ڈالر سے زیادہ کا زرِ مبادلہ خرچ کررہا ہے۔ اگر حکومت، خیبر پختون خوا کے زیتون کے ان درختوں کو کارآمد بنائے، تو پاکستان اپنے خوردنی تیل کی ضرورت پوری کرسکتا ہے اور مستقبل میں زیتون کا تیل برآمد بھی کرسکے گا۔ ماہرینِ زراعت کے مطابق زیتون کا درخت پانچ سال میں زیتون کی پیدوار شروع کرتا ہے۔ یہ درخت تین سو سال تک پیداوار دے سکتا ہے۔ زیتون کے درخت سدا بہار اور ماحول دوست ہے جو ہر قسم کی مٹی اور آب و ہوا میں بھی پیداوار دیتا ہے۔ باقی پھلوں کے درختوں کی طرح زیتون کے درخت کو اسپرے وغیرہ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ زرعی تحقیقاتی ادارے سوات میں جدید طریقے سے تیل نکالنے کی مشین بھی لگا دی گئی ہے۔ اس مشین میں دس کلو زیتون سے ایک لیٹر زیتون کا تیل نکالا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق زیتون کا ایک درخت چالیس سے پچاس فیصد تک فصل دیتا ہے۔ اس طرح ایک باغ میں جتنے زیادہ درخت ہوں گے، اتنی زیادہ پیداوار ہوگی۔ ماہرین کے مطابق اگر زمیندار اپنے باغات میں اربیکونا، اربوسونا، کورنیکی اور گورنٹانیا کے پودے لگائے، تو تیل کی مد میں اس کی پیدواری صلاحیت زیادہ بڑھ جائے گی۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔