(باخبر سوات ڈاٹ کام) تحصیلِ مٹہ میں تھانہ چپریال کی حدود میں واقع علاقہ بلاسور میں ماں بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ تخمینہ کی بیٹی قدیمہ کی شادی اس کے چچا زاد محمد صالح سے ہوئی تھی۔ وہ بیرونِ ملک مزدوری کے لئے مقیم تھا۔ چند روز قبل مسماۃ قدیمہ نے عدالت میں درخواست دی تھی کہ اس کو شوہر اور اس کے بھائیوں سے خطرہ ہے، جس پر اس کو دارالامان بھیج دیا گیا۔ دو روز قبل گھر والے منا کر اس کو واپسلے آئے۔ پولیس کے مطابق اتوار کو محمد صالح نے اپنے بھائی شہاب الدین اور والد امیر غواث کے ساتھ ان کے گھر گئے اور فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اس کی ساس، چچی مسماۃ تخمینہ اور اہلیہ مسماۃ قدیمہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر پہنچ کر ملزمان کو گرفتار کرنا چاہا، تو ملزمان نے مزاحمت کی جس میں اے ایس آئی گوہر گر کر زخمی ہوگیا۔ ہاتھا پائی کے بعد پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔
Swat
