(باخبر سوات ڈاٹ کام)خیبر پختونخوا میں سیکرٹری صحت اور لیڈی ہیلتھ سپروائزر کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ سیکرٹری صحت نے لیڈی ہیلتھ سپروائزرز کے گیارہ مطالبات کو ایک ماہ کے اندر اندر تسلیم کرنے اور عمل درآمد کی یقین دہانی کرادی۔ لیڈی ہیلتھ سپروائزر ایسوسی ایشن کی صدر ناہید بہادر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ان کے سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں جن میں انہوں نے سیکرٹری صحت کو لیڈی ہیلتھ سپروائزر، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ڈرائیورز سمیت دیگر اہلکاروں کے اَپ گریڈیشن، سروس سٹرکچر، سنیارٹی اور مستقل ملازمتوں سمیت گیارہ مطالبات پیش کئے تھے۔ نتیجتاً سیکرٹری صحت نے انہیں ایک ماہ کے اندر اندر تمام تر مطالبات تسلیم کرکے عملدرآمد کی یقین دہانی کرادی۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہماری جدوجہدکا ثمر ہے، تاہم اگر حکومت نے اپناوعدہ ایفا نہ کیا، تو ہم احتجاج کے ساتھ ساتھ پولیو مہم اور دیگر سرگرمیوں سے مکمل بائیکاٹ کرنے پر مجبو رہوں گے۔
Swat
