(باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان نے کہاہے کہ 17 سال بعد سیدوشریف ائیر پورٹ کی دوبارہ بحالی اہم کامیابی ہے جو سیاحت کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کی نشان دہی اور ان کی بین الاقوامی طرز پر ترقی دینے پر کام جاری ہے۔ آسٹرئین کمپنی کے تعاون سے سوات میں چار ہزار گھروں پر مشتمل اسکینگ ولیج قائم کیا جائے گا۔ وزیراعظم رمضان سے قبل چکدرہ چترال اورشندور روڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیدوشریف ائیرپورٹ پر پروازوں کی بحالی کے موقع افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرورخان، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، پی آئی اے کے سی ای او ارشدملک سمیت سول ایویشن کے دیگر حکام کے علاوہ سول حکام اور ممبران اسمبلی بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاکہ سوات کے لئے پروازیں بحال کرنے کے سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے اور ضلعی انتظامیہ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ سوات کے لئے قومی ائیر لائن کی پروازیں بحال ہونے پر سوات اور ملاکنڈ کے عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ ان پروازوں کی بحالی سے علاقے میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ بحیثیت وزیراعلیٰ عوام سے کیا گیا یہ وعدہ بھی پورا کردیا ہے۔ اب مزید منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں متعدد انٹگریٹیڈ ٹورازم زونز کے قیام پر کام جاری ہے۔ صوبے کے تمام سیاحتی مقامات کو سڑکوں کے ذریعے ایک دوسرے سے کنیکٹ کیا جا رہا ہے۔ کمراٹ مدکلشٹ چیئر لفٹ کی فیزیبلٹی پر بھی کام جاری ہے جبکہ سوات موٹروے فیز ٹو کا بھی بہت جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ دریائے سوات سے مینگورہ سٹی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 14 ارب روپے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ توانائی کے شعبے میں بھی متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ہم نے عوام سے جو وعدے کئے تھے۔ وہ ایک ایک کرکے پورے کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ حکومت کے تمام اقدامات کا مقصد لوگوں کی جانوں کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسکول بندش کا احساس ہے لیکن کروناسے لڑنا مشکل ہے۔ اس لئے ہم سب کو احتیاطی تدابیرپر ہی عمل پیرا ہونا ہوگا۔
Swat
