(باخبرسوات ڈاٹ کام) تحصیل کبل کے علاقہ مابنڑ میں ٹک ٹاک نے19سالہ نوجوان کی جان لے لی۔ حمید اللہ سوشل میڈیا”ٹک ٹاک“ کا سٹار تھا۔ اکثر اوقات اس کے لئے ویڈیو بناتا تھا۔ بدھ کی سہ پہر اس نے ریکارڈنگ کے لئے موبائل دوست کو دیا اور ٹک ٹاک کے لئے خودکشی کی ویڈیو بنانے لگا۔اس دوران جیسے ہی ٹریگر دبایا، توپہلے سے لوڈڈ پستول جس کا اس کو علم نہیں تھا، چل گیا اور وہ موقع ہی پر دم توڑ گیا۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔ 19 سالہ حمید اللہ ٹک ٹاک پر اکثر اوقات ویڈیوز لوڈ کرتا تھا۔ بدھ کو علاقہ کے ایک سیاحتی مقام پر اس نے دوستوں کو بتایا کہ آج میں خود کشی کی ویڈیو بناؤں گا۔ اس کو ایڈٹ کرکے اس پر پشتو کی غم والی موسیقی چلاؤں گا اور ویڈیو وائرل ہوگی۔ اس دوران ایک دوست کو موبائل ریکارڈنگ کے لئے دیا۔ وہاں موجود ایک شخص سے پستول لی جو لوڈڈ تھی۔ بعد میں پستول چلنے سے وہ موقع پر دم توڑ گیا۔ ٹک ٹاک سٹار حمید اللہ کی ریکارڈنگ کے وقت بننے والی ویڈیو اس کے دوستوں نے جیسے ہی اپ لوڈ کی، تو وہ واقعی وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ دوست جو حمید اللہ کی ویڈیو بنارہے ہیں، حمید اللہ کو شروع کرنے کا اشارہ کرتے ہیں۔ حمید اللہ اداکاری کا مظاہرہ کرکے سلور رنگ کی پستول اپنی کنپٹی پر رکھتا ہے، جیسے ہی وہ ٹریگر دبا تا ہے،تو پستول چلنے کی آواز اتی ہے۔ ساتھ میں حمید اللہ کے سر سے خون بہنا شروع ہوجاتا ہے اور اس کے دوست چیخنا چلانا شروع کردیتے ہیں۔ جب دوست اس کے قریب جاتے ہیں، تو حمید اللہ موقع پر دم توڑ چکا ہوتا ہے۔
Swat
