(باخبر سوات ڈاٹ کام) پھلوں کی وادی سوات میں آڑو کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتاہے۔ سوات میں آڑو کو نام کے بجائے نمبروں سے پہچانا جاتا ہے۔ سوات میں ایک تا آٹھ نمبر آڑو کی پیدوار ہوتی ہے۔ اس وقت پانچ اور ساڑھے پانچ نمبر آڑوکا پھل تیار ہے۔ تحصیلِ بریکوٹ کے علاقہ کوٹہ میں چند باغات کے ٹھیکیدار اکرام نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ اس وقت پانچ نمبر آڑو کی فصل تیار ہے۔یہ سائز میں بڑا اور میٹھا ہوتا ہے۔ اس کی عمر سات سے آٹھ دن تک کی ہے، جس کی وجہ سے اس کو کراچی بھیجا جاتا ہے۔ کراچی کے لوگ اس آڑو کے انتظار میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ نمبر آڑو کراچی کی منڈی میں آج کل چھے سو روپے تک ایک کارٹن فروخت ہوتا ہے جس میں پانچ سے چھے کلو آڑو ہوتا ہے۔ اس کے بعد ساڑھے پانچ، چھے، سات، ساڑھے سات اور آخری آٹھ نمبر آڑو کی پیدوار ہوگی۔ سوات میں آڑو کی پیدوار کے بارے میں محکمہئ زراعت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عزیر نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ سوات میں 15808 ایکٹر اراضی پر آڑو کے باغات ہیں جس سے سالانہ 767400 من یا 3 کروڑ 83 لاکھ 70 ہزار کلو گرام سے زائد آڑو کی پیدوار ہوتی ہے۔ اس پیداوار سے سوات کے زمین داروں کو سالانہ 3 ارب 45 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد کی آمدن ہوتی ہے۔ محکمہئ زراعت کے حکام کے مطابق رواں سال سوات میں ہونے والی ژالہ باری سے آڑو کے پھل کو زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ اَپر سوات میں آڑو کی فصل کو 80 فیصد نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے زمین داروں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس وجہ سے اس سال آڑو کی پیدوار کم ہوگی جس کی وجہ سے خیبر پختون خوا، پنجاب اور سندھ میں سوات کا آڑو کم مقدار میں دستیاب ہوگا۔ نتیجتاً منڈیوں میں اس کی قیمت میں بہت اضافہ ہوگا۔
Swat
