(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں کالام اوراتروڑ اقوام کے مابین تحریری معاہدہ طے پاگیا۔ ہفتہ کے روز وادیِ کالام کے قریب کنئی بانڈہ کی زمین کے تنازعہ پر اقوامِ کالام اور اتروڑ کے مابین تصادم ہوا تھا،جس کے نتیجے میں اتروڑقوم کے چاراور کالام قوم کا ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔ تصادم کے بعد دیر کوہستان اور سوات کوہستان سمیت دیگر مشران نے جرگہ کرکے فریقین کے مابین فائربندی کرائی۔ گذشتہ روز سیکڑوں افراد کا جرگہ مدین میں ہواجس میں مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئر امیرمقا م اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول حکام نے شرکت کی۔ دیرکوہستان کے جرگہ نے اتروڑ قوم کی نمائندگی کی اور کالام قوم کی جانب سے ملک غزن خان، حبیب اللہ ثاقب، گل زادہ ناظم، حمیدکالامی، امن جرگہ کے رحمت دین صدیقی، ملک امیر سید،فضل وہاب خان بھٹو اور ملک راحت باچا نے نمائندگی کی۔جرگہ کے دوران طے پاگیا کہ فریقین کے مابین فائربندی برقراررہے گی۔ دونوں قبائل نے ایک دوسرے سے جو گاڑیاں قبضے میں لی ہیں۔وہ جرگہ کے حوالے کی جائیں گی۔اسی طرح اتروڑ اور گبرال کے لوگ آمدورفت کے لئے کالام سے گزرتے ہوئے تحصیل روڈ استعمال کریں گے۔تحریری معاہدہ میں طے پایا کہ 5اگست کو گرینڈ جرگہ منعقد ہوگا جس میں تمام مشران شریک ہوں گے۔کالام میں جرگہ کے بعد تمام مشران اتروڑ جائیں گے اور اتروڑ کے مشران اور کالام کے مشران کے مابین راضی نامہ سمیت تمام تنازعات کے حل کے لئے جرگہ کیا جائے گا۔
Swat
