(باخبر سوات ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے غریبوں کا جینا مشکل کرنا ہے۔ آئے دن پٹرولیم مصنوعات سمیت ادویہ اور اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں اضافے نے غریب عوام کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے جبکہ ہمارے نا اہل اور خواب غفلت میں سوئے ہوئے حکمران کہتے ہیں کہ کوئی کچا مکان، بے روزگار بندہ اور مہنگائی نہیں ہے۔ دوسروں کے منصوبوں پر تختیاں لگانا، دن کو رات اور رات کو دن کہنا پی ٹی آئی کا شیوہ بن چکا ہے۔ عوام موجودہ حالات میں ملک کی بقا کی خاطر مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں اور ن لیگ کے ہاتھ مضبوط کریں۔ کیونکہ پاکستان مسلم لیگ ن ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وہ سوات کے علاقہ کوکارئ چنار میں ایک شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ شمولیتی جلسے میں محمد رسول خان عرف دادئی اور دیگر سیکڑوں افراد نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔
Swat
