Swat

مینگورہ، پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے گریوٹی منصوبہ منظور کر لیا ہے، وزیر اعلیٰ محمود خان

(باخبر سوات ڈاٹ کام)وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے رہنما بے روزگار ہوچکے ہیں۔ اب ان کے پاس جلسوں اور پریس کانفرنسوں کے علاوہ کوئی کام نہیں لیکن یہ لوگ سن لیں کہ آئندہ الیکشن میں عمران خان قومی اسمبلی، چاروں صوبائی اسمبلیوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔ کیوں کہ ملک کے غیور عوام کو معلوم ہوچکا ہے کہ تحریکِ انصاف کی حکومت میں چور لٹیرے اور ملک کے خزانے کو لوٹنے والے نہیں ہیں اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ سوات گالف کورس میں زیرِ تعمیر صوبے کے سب سے بڑے اور جدیدپیڈز ہسپتال، انجینئرنگ یونیورسٹی آف سوات اور ریسکیو 1122 اسٹیشن کبل کا سنگِ بناد رکھنے کے بعد علاقہ مشران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کے سابق وزرائے اعلیٰ نے صرف اپنے اپنے اضلاع پر توجہ دی۔ موجودہ صوبائی حکومت ضم اضلاع سمیت تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ سوات یونیورسٹی آف انجینئرنگ کا منصوبہ تین سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گاجس میں یکم جون2023ء تک کلاسوں کا اجرا متوقع ہے۔ ابتدائی طور پر یونیورسٹی میں سول انجینئرنگ، ہائیڈرو پار انجینئرنگ، بائیو میڈیکل انجینئرنگ اور کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ کے شعبے قائم کئے جائیں گے۔ یونیورسٹی ایک مین کیمپس اور تین سب کیمپس پر مشتمل ہو گی جس میں کلایمٹ چینج سنٹر کے علاوہ انسٹیٹیوٹ آف مینوفیکچرنگ بھی قائم کیا جائے گا۔ 300 بستروں پر مشتمل پیڈز ہسپتال کا منصوبہ بھی جون 2024ء تک مکمل کیا جائے گا جو مین بلڈنگ کے علاوہ ڈاکٹر ہاسٹل، نرسنگ ہاسٹل اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر پر مشتمل ہوگا۔ یہ ہسپتال مین اُو پی ڈی، ریڈیالوجی، پتھالوجی، ایکسڈنٹ اینڈ ایمرجنسی، فارمیسی، پیڈیاٹرک سرجری کے علاوہ امراضِ اطفال کے دیگر مختلف شعبوں پر مشتمل ہوگا۔ وفاقی وزیر مراد سعید، صوبائی وزرا کامران بنگش، محب اللہ خان، ڈاکٹر امجد علی خان، ایم این اے سلیم الرحمان، ایم پی اے فضل حکیم خان یوسف زئی اور عزیز اللہ گران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ عوام کی بلا امتیاز خدمت پاکستان تحریکِ انصاف کا منشور ہے۔ ان کی حکومت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کے لئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ میڈیا کے توسط سے چیلنج کر تے ہیں کہ جب حکومت ختم ہوگی، تو اُن کے ذاتی اثاثے کم ہوئے ہوں گے زیادہ نہیں، جب کہ سابقہ حکمرانوں نے اقتدار میں آکر عوام کی خدمت کی بجائے صرف اپنی جیبیں بھریں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ 72 سالہ تاریخ میں عمران خان نے پہلی دفعہ سوات کو وزارت اعلیٰ کا عہدہ دیا، جس پر سوات اور ملاکنڈ کے عوام عمران خان کے مشکور ہیں۔ محمود خان نے کہاکہ مینگورہ سٹی کیلئے پینے کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کیلئے بھی 12 ارب روپے سے زائد کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے جس کا باقاعدہ ٹینڈر بھی ہوگیا ہے جو اگلے 50 سالوں تک مینگورہ کے پینے کے پانی کی ضروریات کو پوری کرے گا۔ اجتماع سے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید اور صوبائی وزیر اطلاعات کامران بنگش نے بھی خطاب کیا۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔