(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں قومی اور بین الاقوامی کوہِ پیماؤں کے ایک گروپ نے 5ہزار میٹر بلند ی پر تین مختلف اور مشکل پہاڑی گزرگاہوں کو دریافت کرلیا۔اس گروپ میں گیارہ اطالوی پیشہ ور ٹریکر اور کوہِ پیمابھی شامل تھے۔ 20 رکنی گروپ نے ستمبر کے پہلے ہفتے کے دوران ضلع سوات کی بالائی وادیوں میں ماؤنٹین وائلڈرن انٹرنیشنل کے ساتھ مل کرسوات پروجیکٹ کے تحت پہاڑی راستوں کو دریافت کیا۔ پروفیسر کارلو البرٹو پنیلی نے کہا کہ سوات پروجیکٹ کا پہلا ہدف پاکستان کے خوبصورت حصے میں بیرونی سرگرمیوں کے بارے میں ایک گائیڈ بک کا قیام ہے، جس کے پیشِ نظر دلچسپ پہاڑوں کی تمام ممکنہ ٹریکنگ اور کوہ پیمائی کے سفر کا تفصیلی سروے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ فیز میں تین پاسز یعنی گزرگاہوں کو کامیابی سے دریافت کرکے ٹیم نے بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔ اگلے سال کے پی حکومت اور اطالوی مشن کے تعاون سے ماؤنٹین وائلڈرن انٹرنیشنل سوات کو کوہ پیماؤں کا ایک بڑا گروپ بھیجنے کا منصوبہ بنا رہاہے، تاکہ نہ صرف تمام ممکنہ ٹریکس کا سروے مکمل کیا جا سکے بلکہ ٹریکنگ کے لئے سوات کی اہم چوٹیاں سر جاسکے۔
Swat
