Swat

صرف سوات کا نہیں پورے ضلع کا ”خپل وزیر اعلیٰ“ ہوں، محمود خان

(باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان نے کہا ہے کہ اگلے ماہ دسمبر میں وزیر اعظم پاکستان سوات موٹر وے فیز ٹو کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جو چکدرہ سے شروع ہوکر مدین پر ختم ہوگی۔ اس کی تکمیل سے سوات میں سیاحتی انقلاب آئے گا، جس طرح کرنل شیر خان سے چکدرہ تک سوات موٹروے بننے کے بعد ان علاقوں میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔ اب تو سردیوں میں بھی سوات کے ہوٹل مہمانوں کے لئے کم پڑتے ہیں۔ منگلور گراؤنڈ میں پی کے چار سطح کے بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی پر بھر پور توجہ دے رہا ہوں۔ صوبے کے گذشتہ وزرائے اعلیٰ نے صرف اپنے حلقوں پر توجہ دی۔ وزیر اعلیٰ سوات میں جو بھی ترقیاتی کام ہوگا، وہ صوبے کے ہر ایک ضلع میں ہوگا۔ میں صرف سوات کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا ”خپل وزیر اعلیٰ“ ہوں۔ اس وقت خیبر پختونخوا ہر لحاظ سے ٹاپ پر ہے۔ ہمارے لیڈر اعظم عمران خان نے جو بھی ٹاسک دیا ہم نے مکمل کیا۔ ہمیں سلیکٹڈ کہنے والے خود سلیکٹڈ اور نالائق ہیں۔ سب کو معلوم ہے کہ گذشتہ نالائق حکمران کس کس کی انگلی پکڑ کر اقتدار میں آئے۔ مہنگائی کا رونا رونے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ موجودہ مہنگائی ان کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔ گذشتہ دو ادوار میں ملک پر 23 ہزار ارب روپے کے قرضے چھڑے۔ ان لوگوں نے بیرونی قرضے لے کر ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا اور اپنے لئے جائیدادیں بنائیں۔ وزیر اعظم عمران خان اب ان قرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں لگے ہیں۔ اس وقت حالات سخت ہیں لیکن ہمارا لیڈر ڈٹ کر ان کا مقابلہ کر رہا ہے۔ ہم ان سخت حالات میں اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ جلسہ سے وفاقی وزیر مراد سعید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس سے پہلے وزیر اعلیٰ نے منگلور تا ملم جبہ روڈ کی تعمیر و بلیک ٹاپنگ کا افتتاح کیا۔ 35 کلومیٹر لمبی سڑک کا یہ منصوبہ 2.25 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سروس ڈیلیوری سنٹر چار باغ کا بھی افتتاح کیا۔ یہ سنٹر 2 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول منگلور کی سٹینڈرڈائزیشن کا افتتاح کیا۔ منصوبے کی تکمیل پر 7 کروڑ10 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ محمود خان نے چارباغ ریسکیو 1122 اسٹیشن کے قیام کا بھی افتتاح کیا۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔