(باخبر سوات ڈاٹ کام)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر اعلیٰ محمود خان، صوبائی وزرا ڈاکٹر امجد اور محب اللہ کو حکم عدولی پر فی کس 50، 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سلیم اللہ نے حکم نامے میں لکھا ہے کہ 16 مارچ کو گراسی فٹ بال سٹیڈیم میں تحریکِ انصاف نے جلسہ کرنا تھا اور قانون کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے نتائج تک کوئی آفس ہولڈر انتخابات والے علاقے میں جلسہ نہیں کرسکتا۔ اس بارے میں 15 مارچ کو چھٹی نمبر F.6(5)2022 LGE پر وزیر اعظم کو جلسہ کرنے سے منع کیا تھا۔ جلسہ کرنے کے بعد وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور وزرا کو 18 مارچ کو طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ اس کے بعد ان کو 21 مارچ کو طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے جس کی وجہ سے سیکشن 234(3) الیکشن کمیشن ایکٹ2017ء کے تحت ان تمام افراد کو جرمانہ کیا گیا۔ حکم نامہ میں جرمانہ ہونے والے افراد کو کہا گیا ہے کہ وہ جرمانے کی رقم 25 مارچ تک بنک میں جمع کرکے رسید ڈی ایم اُو کے دفتر میں جمع کرادیں۔ حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف تمام افراد تین دن کے اندر الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اپیل کرسکتے ہیں۔
Swat
