(باخبر سوات ڈاٹ کام) ملاکنڈ ڈویژن میں صحت عامہ کے شعبے میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے کی۔ اجلاس میں سی ای اُو سیدو گروپ آف ہاسپٹلز ڈاکٹر اسرار الحق، ایکسن میگا پراجیکٹس سوات انجینئر شہاب خان، ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ شیر عالم خان، ریجنل ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی اور ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی۔ ریجنل ڈائریکٹر ملاکنڈ ڈویژن ڈاکٹر شوکت علی نے اجلاس کو صوبے میں خصوصاً ملاکنڈ ڈویژن میں جاری صحت اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر اسرار الحق نے سیدو گروپ آف ہاسپٹلز میں جاری ترقیاتی کاموں میں پیشرفت پر اجلاس کو آگاہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور ہسپتالوں کے ایم ایس نے اپنے اضلاع اور ہسپتالوں میں جاری اصلاحات، ترقیاتی کاموں اور مسائل سے اجلاس کو فرداً فرداً بریف کیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کا کہنا تھا کہ صحتِ عامہ سے متعلق منصوبوں اور صحت اصلاحات میں پیش رفت کی کڑی نگرانی ضروری ہے۔ اس ضمن میں اضلاع میں موجود ڈی ایچ اُوز کا کردار نہایت اہم ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں میں بروقت پیشرفت کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں روزمرہ امور خصوصاً صفائی اور عملے کی حاضری یقینی بنانے پر زور دیا۔ ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے خالی آسامیوں پر تعیناتی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔
Swat
