(باخبر سوات ڈاٹ کام)دریائے سوات اور پنج کوڑہ کے قدرتی ساخت کو بحال کرنے اور دریاؤں کے اردگرد تجاوزات و غیر قانونی سرگرمیوں کے سدباب کے لئے اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے کی۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن ذیشان اصغر بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں دیر، ملاکنڈ، شانگلہ اور سوات کے ڈپٹی کمشنرز، محکمہئ آبپاشی، معدنیات، انڈسٹری اور ادارہئ تحفظِ ماحولیات کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کو متعلقہ حکام کی جانب سے دریاؤں کی قدرتی ساخت کی بحالی اور تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اقدامات اٹھاتے ہوئے دریاؤں کی حدود میں ہر قسم کی سرگرمیوں پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے اور غیر قانونی کھدائی، کرشنگ پلانٹس اورماربل فیکٹریوں کے خلاف بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں غیر قانونی کرشنگ پلانٹس اور ماربل فیکٹریوں کو سیل کیا گیا تھا، جبکہ دوسرے مرحلے میں ضلع دیر لوئر، ملاکنڈ اور سوات میں ہر قسم کے کرشنگ پلانٹس کو دریاؤں کی حدود سے ختم کرنے پر کام کا آغاز کیا جاچکا ہے جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
Swat
