(باخبر سوات ڈاٹ کام) صوبائی حکومت کی جانب سے ممکنہ محصول چونگی نظام کے نفاذ کے خلاف سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے بھر پور مزاحمت کا اعلان کر دیا۔ کسی بھی صورت یہ ظالمانہ نظام عوام پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ عوام پہلے ہی سے پٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس اورخوراکی اشیا کی قیمتوں میں دو سو فیصد اضافے سے پریشان ہیں۔ اوپر سے چونگی نظام کا نفاذ جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے۔ حکومت مہنگائی کے شکار عوام کو ریلیف دے، نہ کہ ان پر ظالمانہ اقدامات مسلط کرے۔ صدر عبدالرحیم نے کہا کہ نواز شریف کے دورِ حکومت میں محصول چونگی کا نظام ختم ہوا تھا۔ محصول چونگی کا نظام جی ایس ٹی کو منتقل کیا گیا اور 14 فیصد ٹیکس کو 17 فیصد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے آئندہ چند روز میں پشاور میں مرکزی تنظیم تاجران کے صوبائی صدر ملک مہر الٰہی کی سربراہی میں صوبے کی تمام تاجر تنظیموں کے عہدیداروں کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں محصول چونگی نظام کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل وضع کیا جائیگا۔
Swat
