(باخبر سوات ڈاٹ کام) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوامعظم جاہ انصاری نے فورس کے جوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کے نبض پر ہاتھ رکھ کر اپنے مقدس فرائض سرانجام دیں۔ ان کے ساتھ ملک کرامن کے قیام کے لیے اقدامات کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سوات پولیس لائن میں ملاکنڈ ریجن کے افسروں اور جوانوں کے ایک دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دربار میں فورس کے مختلف یونٹوں اور شعبوں کے ہر رینک کے افسروں اور جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ، کمشنر ملاکنڈ، ڈی پی اُو سوات، بونیر، لوئر دیر، اَپردیر، لوئر چترال اور اپر چترال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی جی پی معظم جاہ انصاری نے کہا کہ ملاکنڈ ریجن کی پولیس نے انتہائی کٹھن اور نامساعد حالات میں اپنی قیمتی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر فرائض سرانجام دیئے۔ اس دوران بیش بہا قربانیاں دیں۔ اپنے ساتھیوں کی لاشیں اپنے ہاتھوں سے اُٹھائیں اور سب سے بڑھ کر پانچ منٹ کے اندر اندر وردی پہن کر ملاکنڈ اور مادر وطن کی حفاظت کے لیے اسی پوائنٹ پر دوبارہ ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے کھڑے نظر آئے اور کہا کہ آپ لوگوں کی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہوا۔ آئی جی پی نے دربار کے شرکا سے کہا کہ سب پولیس فورس صوبے کے لیے قابلِ فخر ہے۔
Swat
