(باخبر سوات ڈاٹ کام) ضلع سوات میں آبادی اور املاک کے تحفظ کے لیے دریائے سوات کے کنارے ہر قسم کی تعمیرات پر دفعہ 144 کے تحت مکمل پابندی عائد کردی گئی۔ خلاف ورزی پر سیکشن 188 پی پی سی کے تحت کارروائی کی جائیگی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تجزیے اور جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ دریائے سوات کے کنارے اور واٹر کورسز پر ہونے والی بڑے پیمانے پر تعمیرات، تجاوزات کا باعث بنی ہیں۔ سیلاب کی صورت میں تحفظ کو یقینی بنانے کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ حکم نامے میں خیبرپختونخوا کے دریا کے تحفظ کے ایکٹ کے سیکشن(3) کے ذیلی سیکشن(اے)کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص کسی بھی تجارتی عمارت یا غیر تجارتی عمارت کی تعمیر یا کوئی دوسرا ترقیاتی کام نہیں کرے گاجو دریا کے اطراف دو سو فٹ کے احاطے کے اندر کیا جائے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ دریا کے کنارے تعمیرات متعلقہ محکموں یا مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر کی جا رہی ہیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی تعمیرات نے عوامی املاک اور آبادی کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ لہٰذا کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضلع میں دریائے سوات کے کنارے ہر قسم کی تعمیرات پر پابندی عائد کرنا ضروری ہو گیا تھا۔
Swat
