(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ جرے کے مقام پر دریائے سوات میں لکڑیاں پکڑنے والا بیس سالہ نوجوان عالم شیر ڈوب کر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کی تلاش جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے بارش اور سیلاب کے پیشِ نظر ضلع بھر میں تمام سرکاری و نجی سکولوں کو آج جمعہ اور کل ہفتہ کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ ایری گیشن کے ایس ڈی او نظیر احمد کے مطابق اس وقت خوازہ خیلہ کے مقام پر دریائے سوات میں پانی کا اخراج56136 کیوبک فٹ ہے۔ دریا میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ کالام اور بحرین کے درمیان زیرِ تعمیر پل پانی کے ریلے میں خراب ہونے کی وجہ سے کالام روڈ ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے۔ کالام ہوٹل ایسوسی ایشن نے کالام میں پھنسنے والے سیاحوں سے کمروں کا کرایہ نہ لینے اور ان کو مفت کھانا فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سڑک کھلنے تک یہ سلسلہ جاری رہیگا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ گذشتہ روز سیلاب کے بعد شہر میں انتظامیہ کے تین سو سے زائد اہلکاروں نے تمام سڑکوں سے کیچڑ ہٹا کر ٹریفک کے لئے بحال کردیا۔ جمعرات سے ”واسا“ سوات کے اہلکاروں نے گھروں، دکانوں سے پانی نکالنے اور کیچڑ صاف کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنر دن رات ایک کرکے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف ابرار وزیر نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ گذشتہ رات ایک ہزار سے زائد متاثرہ گھروں میں تیار خوراک تقسیم کی گئی۔ ان کو صاف پانی بھی فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیلاب زدگان کو خیمے، کمبل اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی جارہی ہیں۔پٹواری حضرات نقصان کے تخمینے کا اندازہ لگا رہے ہیں۔ مینگورہ شہر کے بیشتر علاقوں میں چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی مکمل طور پر بحال نہ ہوسکی۔ ایکسین پیسکو کا کہنا ہے کہ بیشتر فیڈرز پر بجلی بحال کردی گئی ہے۔ آج جمعہ تک تمام فیڈرز پر بجلی بحال کردی جائیگی۔ محکمہئ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کو بھی سوات میں شدید بارش کا امکان ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دریا کنارے جانے سے گریز کریں اور جو لوگ دریا کنارے آباد ہیں، وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ سوات موٹروے انتظامیہ کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے موٹروے کو بند کردیا گیا تھا اور صفائی کے بعد موٹروے کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
Swat
