(باخبر سوات ڈاٹ کام) مینگورہ کے نشاط چوک میں جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام ”سوات امن مارچ“ منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت اور تحریک انصاف کے علاوہ باقی تمام سیاسی جماعتوں کے ضلعی قائدین نے مارچ سے خطاب کیا۔ مارچ سے اپنے خطاب میں سنیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ اس ملک کو اشرفیہ نے لوٹا ہے اور اشرافیہ اب اس ملک کو دیوالیہ کرنے کے در پر ہے۔ ہم ایسے ملک میں رہ رہے ہیں جہاں نہ عام لوگوں کے لئے قانون ہے اور نہ انصاف۔ بلوچستان میں صوبائی وزیر اپنے گھر میں نجی جیل میں کئی سالوں تک لوگوں کو قید رکھتے ہیں۔ پختون سرزمین دہشت گردوں کے حوالے کی جاتی ہے۔ کیونکہ اس ملک میں پختونوں کا خون سستا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سینٹ سے قرارداد پاس کی ہے کہ آفت زدہ ملاکنڈ ڈویژن کو دس سالوں تک ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، اب حکومت کو چاہیے کہ وہ اس قرار داد پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سرکاری گاڑیاں واپس لی جائیں اور اسلام آباد کلب سمیت ملک کے تمام کلبوں اور گالف کورسوں کو فروخت کیا جائے۔ مارچ سے ایم اے عنایت اللہ خان اور باقی سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔
Swat
