(باخبر سوات ڈاٹ کام)ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن ناصر محمود ستی نے کہا ہے کہ سوات کے سرحدی پہاڑوں پرپولیس کی 12چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں۔ شہری علاقوں اور مین روڈز پر چیک پوسٹیں بنانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ملاکنڈ ڈویژن میں مکمل امن قائم ہے اور سیاح بلاخوف و خطر سوات کے سیاحتی علاقوں میں آرہے ہیں۔ پولیس، عوام کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی ہر ممکن تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سوات پریس کلب اور سوات یونین آف جرنلسٹس کے صحافیوں سے ملاقات میں کیا۔ وفد کی قیادت سینئر صحافی فیاض ظفر اور ملاکنڈ ڈویژن یونین آف جرنلسٹ کے صدر شہزاد عالم کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں مکمل امن قائم ہے۔ بالائی سوات میں پیوچار سے لیکر منگلور کی پہاڑیوں پر کسی بھی ممکنہ خدشے کے پیشِ نظر 12 چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوات، چترال، دیر کمراٹ اور شانگلہ کے سیاحتی علاقوں میں بڑی تعداد میں سیاحوں کی موجودگی سوات میں دیرپا امن کا ثبوت ہے۔ پولیس فورس مقامی لوگوں سمیت سیاحوں کو بھی ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔
