(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں عید کے دوسرے روز سے سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد جاری ہے۔ عید کے دوسرے روز فضاگٹ، مرغزار، ملم جبہ، گبین جبہ، مدین، بحرین، کالام، مٹلتان، مہو ڈنڈ، اُتروڑ، شاہی باغ اور دیگر سیاحتی علاقوں میں سیاحوں کا رَش دیکھا گیا۔ جمعہ کو بھی ہزاروں کی تعداد میں سیاح سوات آئے اور یہاں کے یخ موسم اور قدرتی نظاروں سے محظوظ ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر محمد قاسم خان کے مطابق تمام علاقوں میں انتظامیہ کے اہلکار موجود ہیں۔ کئی مقامات پر سیاحوں کی رہنمائی کے لئے دفاتر قائم کئے گئے ہیں۔ ڈی پی اُو سوات ڈاکٹر زاہد اللہ کا کہنا ہے کہ تمام علاقوں میں پولیس کے ساتھ ٹورازم پولیس کو تعینات کیا گیا ہے اور تمام علاقوں میں پولیس سیاحوں کی حفاظت کے ساتھ ان کی رہنمائی اور مدد بھی کر رہے ہیں۔
