(باخبر سوات ڈاٹ کام)ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی وجہ سے عید کے دوسرے روز سے سوات میں سیاحوں کی غیر معمولی تعداد میں آمد جاری ہے۔ عید کے تیسرے رو زملک بھر سے سیاحوں کی آمد میں مزید اضافہ ہوا۔ فضاگٹ، مرغزار، ملم جبہ، گبین جبہ، مدین، بحرین، کالام، اتروڑ، شاہی باغ، مٹلتان، مہو ڈنڈ اور دیگر سیاحتی علاقوں میں کثیر تعداد میں سیاح موجود ہیں۔ آنے والے سیاحوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقوں میں بہت گرمی ہے اور سوات کا موسم انتہائی خوشگوار ہے۔ سوات پولیس نے سیاحوں کی گاڑیوں کی ٹریفک رواں رکھنے کے لئے تمام سیاحتی علاقوں کی سڑکوں پر ٹریفک پولیس تعینات کی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریائے سوات کے قریب جانے اور دریا میں نہانے سے گریز کریں۔
