سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے2سوات میں 25جولائی کو کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ اس حلقہ سے کل 10امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں 6امیدواروں کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے اور چار امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑرہے ہیں ۔ اس حلقہ میں ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام ، پی ٹی آئی کے ڈاکٹر حیدر علی ، ایم ایم اے کے سابق ایس پی نوید اقبال ، اے این پی کے راجہ ممتاز چموٹ ، پیپلز پارٹی کے امجد علی خان اور پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر مختیار خان یوسفزئی کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔ ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام نے شانگلہ سے الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کا خیال ہے کہ این اے2ان کا مضبوط حلقہ ہے ۔اس حلقہ سے 2002کے عام انتخابات میں ایم ایم اے کے ڈاکٹر فضل سبحان ، 2008کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے سید علاؤالدین اور2013کے انتخابات میں تحریک انصاف کے سلیم الرحمان نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 382974، جن میں سے 218821مرد،اور164153خواتین ووٹرز شامل ہیں ۔ اس حلقہ میں 25جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لئے 238پولنگ سٹیشن قائم کئے جائیں گے ۔ حلقہ میں مہو ڈنڈ سے کالام ، بحرین ، مدین ، خوازہ خیلہ ، تحصیل مٹہ کا کچھ حصہ اور چارباغ کے علاقے شامل ہیں ۔
