Swat

این اے 3سوات، 8امیدوار کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع

سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے3 اس وقت توجہ کا مرکز بن گیا ہے جہاں سے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف سمیت 8 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس حلقہ میں 8 میں سے 5 امیدواروں کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے اور 3 آزاد امیدوار ہیں۔ اس حلقہ میں ایم ایم اے نے مولانا حجت اللہ کو ٹکٹ جاری کیا تھا لیکن جے یو آئی کے سربراہ نے ریٹرننگ آفیسر کو نشانات الاٹ ہونے والے دن ایک خط لکھ کر مولانا حجت اللہ سے پارٹی کا نشان واپس لے لیا۔ اس طرح شہباز شریف کے حق میں اپنے امیدوار کی دستبرداری کا اعلان کیا لیکن متحدہ علمائے سوات نے مولانا حجت اللہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کو آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا حکم دیا۔ اس حلقے میں اب ن لیگ کے میاں شہباز شریف، آزاد امیدواراور ایم ایم اے کے حمایت یافتہ مولانا حجت اللہ، تحریک انصاف کے سلیم الرحمان، پیپلز پارٹی کے شہزادہ شہریار امیر زیب اور اے این پی کے عبدالکریم کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوگا۔ اس حلقہ سے آفتاب شاہد ، شکیل احمد اور علی خان بھی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ 2002ء کے انتخابات میں اس حلقہ سے ایم ایم اے کے قاری عبدالباعث، 2008ء کے انتخابات میں اے این پی کے مظفر الملک کاکی خان اور2013ء کے انتخابات میں تحریک انصاف کے مراد سعید نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس حلقہ میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد401124 ہے جن میں864 227 مرد اور173260 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ حلقہ میں 25جولائی کے انتخابات کے لئے 269 پولنگ سٹیشن اور 675 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔ اس حلقہ میں مینگورہ شہر، تحصیل بریکوٹ اور تحصیل بابوزئی کے علاقے شامل ہیں۔ یہ سوات کا وہ واحد حلقہ ہے جہاں خواتین ووٹرز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں