
چند دن پہلے کی بات ہے۔ مجھے راستے میں میرا ایک دوست ملا، جو پشاور کے ایک ’’این جی او‘‘ میں جاب کرتا ہے۔ اس کی شخصیت ایک روشن چراغ کی طرح ہے۔ وہ آج کل کافی اچھے منصب پر فائز ہے۔ دورانِ گفتگو مَیں نے ان سے کہا کہ میرے گذشتہ مضامین کے بارے میں مجھے ’’فیڈ بیک‘‘ دو۔ اس نے کھڑے کھڑے سب سے پہلے بات یہ کہی کہ ’’آپ کے آرٹیکلز تو بہت اچھے ہیں، لیکن یار تھوڑا اسلام سے نکل آؤ۔‘‘
اس کی یہ بات سن کر میں ہنسا اور تھوڑا سا وہ بھی متبسم ہوا۔ وہ تو شکر ہے کہ ہمارے آس پاس کوئی مولوی صاحب نہیں تھا، ورنہ وہیں پر فتویٰ لگا دیتا کہ یہ تو کلمۂ کفر ادا ہوا۔ ’’اسلام سے نکل آؤ‘‘ سے میرے اس دوست کا مطلب ہرگز یہ نہیں تھا کہ معاذاللہ کافر ہو جاؤ، بلکہ اس سے مراد ان آرٹیکلز کا موضوع تھا جن میں اکثر میں نے اسلام کے کسی پہلو کو موضوع بنایا ہوا ہوتا ہے۔ ان کے حوالہ سے میرے اس دوست نے مجھے یہ فیڈ بیک دی کہ اسلام کے موضوع سے نکل کر کسی دوسرے موضوع پر بھی کچھ لکھوں۔ مَیں لکھتا بھی تو کیا لکھتا؟ کیوں کہ بحیثیت ایک مسلمان کے مَیں اسلام کا طالب علم ہوں اور دوسرے مذاہب کا بھی۔ اس لیے اب تھوڑا اپنی تحاریر کا دائرہ وسیع کرنے کے بارے میں سوچا، تو آج یہ تحریر پیشِ خدمت ہے۔
قارئین، فرض کیجیے۔ اگر خدانخواستہ سارے لوگ مذاہب کو پس پشت ڈال دیں، تو اس کا اثر کن کن چیزوں پر پڑے گا؟ میرا خیال یہ ہے کہ اگر ہم اخلاقیات کے باب کو نہ کھولیں، کیوں کہ اس سے بحث بہت طویل ہو جائے گی۔ کیوں نہ صرف معیشت پر بات کریں اور یہ جان لیں کہ اس سے معیشت کے اوپر کیا اثر پڑے گا؟ تو ہمیں سمجھنے میں آسانی ہو گی۔ مثال کے طور پر حج جیسے مقدس فریضے کو لیجیے جو ایک بڑی عبادت ہے۔ اس میں لوگ خدا کے گھر کی زیارت کرتے ہیں اور طواف کرتے ہیں۔ اس مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لیے ہر سال بیس سے لے کر بائیس لاکھ لوگ مکہ مکرمہ جاتے ہیں اور حج کی ادائیگی پر مختلف ممالک سے تقریباً تین سے لے کر پانچ لاکھ روپے تک کا خرچہ فی شخص اٹھتا ہے۔یوں مجموعی رقم کھربوں روپے بنتی ہے۔ حج کے علاوہ صرف عمرہ کرنے ہر سال تقریباً ایک کروڑ پچاس لاکھ لوگ مکہ مکرمہ تشریف لے جایا کرتے ہیں۔ اگر حج کے چند دن نکال کر ہم اس کو تقسیم کرلیں، تو روزانہ پچاس ہزار کے قریب لوگ عمرہ ادا کرنے مکہ مکرمہ جاتے ہیں۔ جتنی تعداد میں لوگ حج کرنے جاتے ہیں، اتنی ہی تعداد میں لوگ قربانی بھی کرتے ہیں یعنی جانور ذبح کرتے ہیں۔ عیدالاضحی کے دنوں میں پوری دنیا میں مسلمان کتنے جانور ذبح کرتے ہیں، یہ معلوم کرنا ہمارے لیے مشکل ہے۔ ہم صرف ایک ہی صوبے کا حساب بتاسکتے ہیں، باقی آپ اس پر قیاس کرلیں۔
پچھلے سال تقریباً چالیس لاکھ ستر ہزار جانور ذبح کیے گئے، جس میں سے اُنیس لاکھ اسّی ہزار بڑے جانور یعنی گائے، بیل اور بھینس وغیرہ تھے۔ تقریباً بیس لاکھ نوے ہزار بھیڑ بکریاں اور چھوٹے جانور تھے۔ آپ کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ ان تمام اسلامی ممالک کو یہ جانور کون کون سے ملک ایکسپورٹ کرتے ہیں؟ ان میں آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس، برازیل اور انڈیا سرفہرست ہیں۔
اگر اس حوالہ سے ہم صرف آسٹریلیا کا جائزہ لیں، تو وہ ہر سال انڈونیشیا، مصر، اُردن، کویت، ایران، بحرین، قطر، سعودی عرب اور پاکستان جیسے ممالک کو بڑی تعداد میں جانور ایکسپورٹ کرتاہے۔ اس کی تعداد کتنی ہوتی ہے، اس کا اندازہ آپ اسی سے لگائیں کہ صرف فرانس ہر سال تقریباً سات لاکھ بڑے جانور یعنی گائے اور بیل وغیرہ ترکی اور لبنان جیسے ملکوں کو ایکسپورٹ کرتا ہے۔
ہمارا پڑوسی ملک جہاں پر گائے کے پیشاب تک کو مقدس تصور کیا جاتا ہے، وہاں سے بھی بڑی تعداد میں جانور اور گوشت سپلائی کیا جاتا ہے۔ مزے کی بات تو یہ ہے کہ ہندوستان میں گوشت کے جو چھے بڑے سپلائرز ہیں، ان میں سے چار ہندو ہیں۔ حالاں کہ بڑے گوشت پرتو ہندوستان میں بڑے فسادات ہوتے ہیں۔
قارئین اب ہمارے یار ’’چین‘‘ کی ایک مثال ملاحظہ ہو، جو ہر سال اربوں روپے کی تسبیح اور جائے نماز سعودی عرب کو ایکسپورٹ کرتاہے۔ ذکر شدہ اشیا حاجی صاحبان وہاں سے خرید کر اپنے ساتھ اپنے ملک لے جاتے ہیں۔
اگر آپ کی طبعِ نازک پر ناگوار نہ گزرے، تو عرض ہے کہ اسرائیل امتِ مسلمہ کو مسواکیں فروخت کرتاہے، جس سے مسلمان اپنا منھ صاف کرکے یہودیوں کو گالیوں سے نوازتا ہے۔
عزیزانِ من، عِطر اور سرمہ سے لے کر احرام اور کفن تک کی چیزیں یورپ سے پیک ہو کر مسلم ممالک پہنچائی جاتی ہیں، جن کی مالیت اربوں ڈالر ہوتی ہے۔
یہ تو مذہب اسلام کا صرف ایک رکن ہے، جس سے بخوبی آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ دنیا کی معیشت اس ایک رکن پر کتنا انحصار کرتی ہے؟ اب ہم یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ ہندو مذہب کا اس میں کتنا کردار ہے؟
ہندوستان میں ایک بڑا مندر ہے جس کو ’’تیروپتی بالاجی مندر‘‘ کہتے ہیں، جہاں پر ہندو جاکر پوجا کرتے ہیں، منتیں مانتے ہیں اور نذریں چڑھاتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس ایک مندر پر ہندو ہر سال 900 کروڑ کی نذر و نیاز کی رقم اور زیورات چڑھاتے ہیں۔ اس مندر کا 14 ہزار افراد پر مشتمل عملہ ہے، جو مستقل ہے۔ ان کا وظیفہ تقریباً 115 کروڑ روپیہ تک بنتاہے۔ اس سب کے علاوہ ان کے پاس تقریباً 52 ٹن کے زیورات محفوظ ہیں، جن کو انڈین اوورسیز بینک اور سٹیٹ بینک آف انڈیا میں جمع کیا گیا ہے۔ یہ صرف ایک مندر کی آمدنی ہے اور اس سے بڑے مندر انڈیا میں اور بھی موجود ہیں۔ اس کی تفصیل ہم یہاں پر ذکر نہیں کرسکتے۔ ہاں یہ ضرور کہہ سکتے ہیں کہ ’’ورلڈ گولڈ کونسل‘‘ نے جو ایک خصوصی رپورٹ اس حوالہ سے جاری کی ہے، وہ کچھ یوں ہے کہ’’ہندوستان کے مندروں کے پاس نجی طور پر 22 ہزار ٹن کے زیورات موجود ہیں، جن کی مالیت ایک ٹریلین ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔ ‘‘
یہ تو صرف دو مذاہب کے ایک ایک رُکن کا جائزہ لیا گیا ہے، باقی آپ خود ہی اس پر قیاس کیجیے۔
قارئین، اس ساری بحث سے میرا مقصد یہ نہیں کہ مذاہب کاروبار کے لیے بنائے گئے ہیں (اعوذ باللہ أن أکون من الجاہلین)بلکہ میرا مقصد صرف یہ بتانا ہے کہ مذہب جہاں پر انسانوں کی اخلاقی، تہذیبی اور معاشرتی کردار کی اصلاح کرتا ہے، وہاں پر مذہبی عبادات میں سے خود بخود معیشت کو پروان چڑھانے کے اسباب پیدا ہوجاتے ہیں، جس سے کوئی بھی حقیقت پسند شخص انکار نہیں کر سکتا۔ اگر اس کو صحیح طریقہ سے ’’مینج‘‘ کیا جائے، تو یہ آمدنی دوبارہ انسانیت کی فلاح پر خرچ ہوسکتی ہے۔