
جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں غور کرنے کے بعد پتا چلتا ہے کہ والدین دو حصوں میں بٹ چکے ہیں۔ والدین کا ایک حصہ ایسے لوگوں پر مشتمل ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے حق میں ہیں اوراسے نئے دور کی اہم ضرورت سمجھتے ہیں۔ ان کا خیال یہ ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ہی کامیابی ممکن ہے۔ کیوں کہ اب زمانہ بدل چکا ہے، حالات بدل چکے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اب ہمیں بھی وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل ہونا ہوگا اور ترقی کی اس دوڑ میں شامل ہونا ہوگا۔ ایسے والدین اپنے بچوں کو شروع ہی سے کمپیوٹر (انٹرنیٹ) اور موبائل کے استعمال کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ کیوں کہ اُن کے خیال کے مطابق اگر اُن کے بچے شروع ہی سے کمپیوٹر اورموبائل استعمال کریں گے، تو ان کے سیکھنے کا عمل زیادہ تیزی سے آگے بڑھے گا اور ان آلات کے استعمال سے انہیں زیادہ فائدہ ملے گا۔
والدین کادوسرا حصہ ایسے لوگوں پر مشتمل ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حق میں نہیں۔ ان کا خیال ہے کہ ان جدید آلات کے استعمال سے بچے اپنی ناسمجھی کی وجہ سے بے راہ روی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ نیز بچے بداخلاقی اور بدتمیزی کا مرتکب ہوجاتے ہیں۔ اس لیے مذکورہ والدین اپنے بچوں کو جدید آلات کے استعمال سے دور رکھتے ہیں، جب کہ بچوں کی شدید خواہش کے باوجود اس حوالہ سے ان کی فرمائش پوری نہیں کرتے۔
اب اگر ہم اس تمام تر صورتحال کا جائزہ لیں، تو انسانی فطرت کا خاصا ہے کہ جس چیز سے اُسے منع کیا جاتا ہے، یہ اُسی کے پیچھے پڑجاتا ہے۔ یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ کوئی چیز بذاتِ خود اچھی یا بری نہیں ہوتی بلکہ اس کا استعمال ہی اسے اچھی یا بری بنا دیتا ہے۔ مثال کے طور پر کلاشنکوف ہی کی مثال لے لیجیے۔ کہا جاتا ہے کہ اس کے بنانے والے ’’میخائل کلاشنکوف‘‘ نے اس کو اپنی حفاظت کے لیے بنایا تھا۔ اب لوگ اسے دوسروں کی جان لینے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اسی طرح کمپیوٹر (انٹرنیٹ) اور موبائل بذاتِ خود بری چیزیں نہیں۔ اگر ان جدید آلات کا استعمال کسی نیک یا اچھے مقصد کے لیے ہو، تواچھی چیز ہے، بصورت دیگر بری۔ اس بات سے انکار بھی تونہیں کیا جاسکتا کہ ان جدید آلات نے انسانوں کے لیے کافی آسانیاں پیدا کر دی ہیں۔ کمپیوٹر (انٹرنیٹ) اور موبائل نے فاصلے کم کرنے کے ساتھ ساتھ مالی بچت کی آسانی بھی دی ہے۔ مثال کے طور پر آج سے پندرہ بیس سال پہلے بیرونِ ملک تو چھوڑئیے اندرونِ ملک کال کرنے کے چارجزبھی اچھے خاصے ہوتے تھے۔ اسی طرح پہلے زمانے میں اگرکسی طالب علم کو کسی مضمون میں مشکل پیش آتی، تو وہ استادِ محترم کے انتظار میں رہتا کہ کب استاد سے ملاقات ہوگی اور اس کی مشکل حل ہوگی، یعنی علم یا معلومات حاصل کرنے کا ذریعہ استاد محترم کی ہستی ہوا کرتا تھا۔ آج طالبِ علم استادِ محترم کا انتظار کیے بغیر اپنے گھرمیں بیٹھے بیٹھے گوگل سرچ کے ذریعے اپنی مشکل آسان بنا دیتا ہے۔
یہ کیا! ہم نے توموبائل اور انٹرنیٹ کے فوائد اور نقصانات بتانا شروع کردیے۔ آیئے اپنے اصل موضوع کی طرف رجوع کرتے ہیں اور اس گتھی کو سلجھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ کس طرح ہم جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لائیں کہ ان جدید آلات سے فائدہ بھی اٹھائیں اور خدانخواستہ اس کے مضر اثرات سے بھی بچے رہیں، تو میں اپنے طور پر دونوں قسم کے والدین کو اپنی ایک چھوٹی سی رائے دے کر گلوخلاصی کرنے کی کوشش کروں گا اور وہ یہ کہ والدین ضرور اپنے بچوں کو کمپیوٹر(انٹرنیٹ) اور موبائل کے مواقع فراہم کریں، مگر ایک بات کا خیال رکھیں کہ چھوٹی عمر کے بچوں کی ذہنی پختگی کم ہوتی ہے۔ اس لیے انہیں بے لگام نہیں چھوڑنا چاہیے۔ عین ممکن ہے کہ ان کی یہ آزادی کسی نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہو۔ اس وقت مجھے مولوی صاحب کی وہ بات شدت کے ساتھ یاد آ رہی ہے جس میں انہوں نے فرمایا تھا کہ اگر کسی بکری کو پگڈنڈی پر چرنے کے لیے آزاد چھوڑ دیا جائے، تو ممکن ہے کہ وہ چرتے چرتے پگڈنڈی سے اُتر کر فصل والے کھیت میں چرنے لگ جائے۔ بالکل اسی طرح بچے اپنی کم عمری اور ناسمجھی کی وجہ سے ان جدید آلات کا غلط استعمال بھی کرسکتے ہیں۔ نقصان سے بچنے کے لیے والدین لازمی طور پر بچوں پرنظر رکھیں گے۔ اگریہ نظر غیر محسوس طریقے سے ہو، توٹھیک ہے لیکن اگر بچوں کو اس بات کا پتا لگ جائے کہ والدین ہم پر نظر رکھے ہوئے ہیں، تو ان کا عزت نفس مجروح ہوگا۔ اس مسئلے کا مناسب حل یہ ہے کہ والدین اپنے بچوں کو بٹھاکر ان کی اصلاح کریں اور اُن کے باطن کو نیک بنانے کی کوشش کریں۔ اگر والدین ایسا کریں گے، تو اُن کو بچوں پر پہرہ دینے کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔ المیہ یہ ہے کہ بدقسمتی سے ہم بچوں کو بڑے سمجھ کر ڈیل کرتے ہیں اور ان پر اپنی مرضی لاگو کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کے باعث بچے سدھرنے کے بجائے بگڑنے لگتے ہیں اور والدین اس کاساراالزام دورِ جدید کے آلات پر لگانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کیا ہم نے یہ سوچا ہے کہ بچے والدین کے پاس کیوں نہیں بیٹھتے؟ بچے بداخلاقی اور بدتمیزی کامرتکب کیوں ہورہے ہیں؟ دراصل والدین کی مصروفیت اتنی بڑھ گئی ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ٹی وی سیٹ کے حوالے کرکے یہ سمجھتے ہیں کہ ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کرلی ہے۔ یہ بالکل غلط ہے جب تک والدین اپنے بچوں کو مناسب وقت نہیں دیں گے، اُن کی اصلاح نہیں کریں گے، تو ہمیں بچوں سے خوش اخلاقی کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ ہم میں سے کتنے والدین ایسے ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو سبق آموز کہانیاں سنائی ہوں گی یا کم از کم ایسی کتابیں مہیا کی ہوں گی جن کو پڑھ کر انہیں اچھا بننے کا موقع ملا ہو؟ یقیناًجواب نفی میں ہوگا۔ تو سب سے پہلے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو وقت دینا شروع کریں۔ اُن کا اخلاقی معیار اتنا بلند کریں کہ ان پر پہرہ دینے کی نوبت ہی نہ آئے۔ سب سے بڑھ کر اپنے بچوں کو رسولِ مقبولؐ کے مبارک طریقوں پر عمل کرنے کی ترغیب دیں۔ اگر بچے کے باطن پر توجہ دے کر اسے پاک و صاف کیا جائے، تو پھر ان بچوں پر بھروسا اوراعتماد کیا جاسکتا ہے۔ حاصلِ نشست یہ ہے کہ جدید آلات کے استعمال کے مواقع فراہم کرنے میں کوئی قباحت نہیں۔ نداؔ فاضلی کے اس شعر کے ساتھ اجازت چاہوں گا کہ
گھر سے مسجد ہے بہت دور چلو یوں کرلیں
کسی روتے ہوئے بچے کو ہنسایا جائے