کالم نگاری

الیکٹرانک میڈیا، رحمت یا زحمت؟

مہروز خان

✍️ کالم نگار: مہروز خان

اشتہار / Advertisement

ہر چیز کے دو رُخ ہوتے ہیں۔ ایک اچھا اور دوسرا برا۔ بالکل اسی طرح الیکٹرانک میڈیا کے بھی دو رُخ ہوتے ہیں۔ اس کا اچھا رُخ یہ ہے کہ اس کے ذریعے لوگوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر معلومات حاصل ہوتی ہیں۔ یہی میڈیا لوگوں کی تفریح، اشتہار بازی اور تعلیم کا ذریعہ ہے۔ میڈیا کے اس کردار سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ یہ عوام کے اندر چیزوں کے بارے میں آگاہی اور شعور اُجاگر کرتا ہے۔ اسی طرح حکومتی اور نجی اداروں کی ناقص کارکردگی کی نشان دہی کراتا ہے۔ مسائل سے آگاہی میں مدد کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کا حل بھی پیش کرتا ہے۔ اس تناظر میں دیکھاجائے، تو میڈیا کا ہونا کسی بھی قوم کے لیے ’’نعمتِ غیر مترقبہ‘‘ سے کم نہیں۔ اس لیے میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون بھی کہتے ہیں، لیکن جب ہم میڈیا کے دوسرے رُخ پر نظر ڈالتے ہیں، تو بہت زیادہ مایوسی ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر آج سے چند برس قبل ایک مسلح شخص اپنے خاندان سمیت جس میں اس کی بیوی اور بچے شامل ہوتے ہیں، پاکستان کے دارالخلافہ اسلام آباد میں کھڑے ہوکر اداروں کی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے بندوق کی نوک پر اپنے مطالبات منوانے کی کوشش کرتا ہے۔ حفاظتی ادارے صرف اس لیے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لاتے کہ کہیں خاندان کے کسی اور فرد کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ الیکٹرانک میڈیا کو جب خبر پہنچتی ہے، تو وہ میڈیا کے نمائندوں کو متعلقہ جگہ بھیج کر ’’لائیو کوریج‘‘ کی ذمہ داری سونپ دیتا ہے۔ میڈیا کے نمائندے بھی اپنی چابُک دستی کامظاہرہ کرتے ہوئے ہر زاویے سے شخصِ مذکورہ کی عکس بندی کرتے ہیں اور نیوز چینلز پر ساری کارروائی براہِ راست دکھائی جاتی ہے۔ یوں کئی گھنٹے تک یہ کھیل جاری رہتا ہے۔ میڈیا اپنے طور پر فرائض کی ادائیگی تو کرتا ہے، لیکن ساتھ ہی وہ اپنے ملک کی بدنامی بھی کر رہا ہوتا ہے۔ باہر کی دنیا یہ تاثر لیتی ہے کہ فردِ واحد نے پورے ملک کو یرغمال بنایا ہے۔ اس طرح ہمارے حفاظتی اداروں کے اقدامات پر سوالیہ نشان بھی لگتاہے۔ علاوہ ازیں غیر ملکی میڈیا پر ہمارے اداروں کی ناقص کارکردگی کا ڈھنڈورا پیٹاجاتا ہے۔ ایسے میں اگر الیکٹرانک میڈیا یہ سمجھتا ہے کہ وہ اپنے ملک کی خدمت کررہا ہے، تو معاف کیجئے یہ خدمت نہیں بلکہ ملک کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔
اخلاقی طور پر اگر دیکھا جائے، تو نیوز چینلز سمیت انٹریٹمنٹ چینلز پر جو اشتہار بازی ہوتی ہے، اس میں رقص، لازمی جزو قرار دیا گیا ہے۔ چاہے چائے کا اشتہار ہو یا کاسمیٹکس وغیرہ کا، بغیر رقص کے پیش نہیں کیا جاتا۔ بدقسمتی سے میڈیا اپنے پڑوسی ملک بھارت سے اتنا متاثر ہے کہ ہر چیز سے ہندو پرستانہ ذہن کی عکاسی صاف ظاہر ہے۔ ہمارے ڈراموں کی ہی مثال لے لیجیے۔ اس پر بھی بھارت کا اثر صاف ظاہر ہے۔ اکثریت ایسے ڈراموں کی ہے جن میں گھریلو جھگڑوں کو موضوع بناکر پیش کیا جاتا ہے۔ ایک وقت ایسا تھا کہ پاکستانی ڈراموں کا معیار اتنا بلند تھا کہ اندرونِ ملک سمیت بیرون ملک ڈراما دیکھنے والے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے تھے۔ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ کچھ عناصر پاکستان میں ہندوستانی کلچر کو فروغ بھی دے رہے ہیں اور اس پر فخر بھی محسوس کرتے ہیں۔ آج ڈراموں میں قابلِ اعتراض مناظر کے سبب فیملی ایک ساتھ ڈراما تک نہیں دیکھ سکتی۔ اداکاراؤں کے لباس پر مغرب کی چھاپ واضح نظر آتی ہے۔
مارننگ شوز کی بات کی جائے، تو یہاں بھی حالات ابتر ہیں۔ زیادہ تر اِن شوز میں میاں بیوی کو بہ طورِمہمان بلا کر ان سے ذاتی قسم کے سوالات پوچھے جاتے ہیں اور اُن کی خانگی زندگی بارے جاننے کی کوشش کی جاتی ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ فحش گوئی کرتے ہیں اور دیکھنے والے براہِ راست ان سے متاثر ہوتے رہتے ہیں۔ کبھی کبھار تو مہمان میاں بیوی آپس میں لڑ پڑتے ہیں اور کبھی ان نازیبا سوالات اور حرکات کی وجہ سے مہمان لائیو شو چھوڑ کر چلا جاتا ہے۔ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ ان مارننگ شوز میں چھوٹی بچیوں کا رقص اس بیباکانہ انداز سے پیش کیا جاتا ہے کہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ڈانس کی کوئی کلاس لی جارہی ہے۔ اس کا انجام یہ ہوتا ہے کہ لوگ دیگر چھوٹی بچیوں کو اپنی درندگی کا نشانہ بنانے لگتے ہیں، جس کی ایک واضح مثال حوا کی بیٹی زینب کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے۔
تہذیب یافتہ اور مہذب معاشروں میں کسی چیز کے بارے میں اعتدال سے کام لیا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں لوگ اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہیں اور الیکٹرانک میڈیا کے لیے تو شایدکوئی حدمقرر ہی نہیں۔ اگر یہ سلسلہ اسی طرح آگے چلتا رہا، تو ہماری آنے والی نسلوں کا تو پھر خدا ہی حافظ۔ وہ نوجوان نسل جس کے بارے میں علامہ محمد اقبال ؒ نے فرمایا تھا کہ
نہیں ہے نا اُمید اقبال اپنی کشت ویراں سے
ذرانم ہو تو یہ مٹی بڑی زر خیز ہے ساقی
حاصلِ کلام یہ ہے کہ الیکٹرانک میڈیا اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے اپنے ملک کی ایسی مثبت تصویر لوگوں کے سامنے پیش کرے کہ لوگوں کے اندر اپنے ملک سے پیار و محبت کے جذبات پیدا ہوں۔ جب لوگ اپنا قیمتی وقت ٹی وی کو دیں، تو مثبت سوچ کے ساتھ اٹھیں بھی۔ حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ایسے ڈرامے دکھائے جائیں کہ جن میں قومی ثقافت نظر آئے۔ اشتہار بازی میں حد سے تجاوز نہ کریں۔ بار بار بریکنگ نیوز دکھا کر ہیجانی کیفیت پیدا کرنے سے گریز کریں۔ اپنے مفادات کو بالائے طاق رکھ کرملکی مفادات کو ترجیح دی جائے۔ اگر ایسا کیا گیا تو الیکٹرانک میڈیا بھی اسی طرح لوگوں کے لیے باعثِ فخر بن جائے گا، جس طرح انہیں اپنے ملک اور ملکی اداروں پر فخر ہے۔
شیخ ظہور الدین حاتم کے اس شعر کے ساتھ رخصت چاہوں گا کہ
چلا جاتا تھا حاتمؔ آج کچھ واہی تباہی سا
جو دیکھاہاتھ میں اُس کے ترے شکوے کا دفتر تھا

اشتہار / Advertisement
اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

★ ★ ★ ★ ★
اوسط ریٹنگ: ⭐ 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔