سوات(باخبر سوات ڈاٹ کام) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوبل انعام مانگنے سے پہلے اسکوارڈن لیڈر حسن صدیقی کو بہادری پر ستارۂ جرأت دیں۔ حسن صدیقی نے بھارتی جہاز مار گرا کر قوم کو بہت بڑا تحفہ دیا ہے۔ پاک فوج اور پاکستان ائیر فورس خراج تحسین کی مستحق ہے کہ انہوں نے طیارے گراکر بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ پائلٹ کو گرفتار کرکے پاکستان کو بارگیننگ پوزیشن مل گئی تھی، لیکن جلد بازی میں پائلٹ کو واپس کرکے حکومت نے یہ پوزیشن کھو دی۔ وزیر داخلہ کہتے ہیں یونیورسٹیز اور کالجز میں ستر فیصد طالب علم آئس نشہ استعمال کررہے ہیں۔ مدارس کے طالبعلم اس گناہ سے پاک ہیں۔ جماعت اسلامی دینی مدارس کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم حقانیہ سنگوٹہ سوات اور دارالعلوم تعلیم القرآن سخاکوٹ میں تقریب ختم بخاری و دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے جماعت اسلامی ضلع سوات کے امیر محمد امین، سیکرٹری جنرل مفتی شیر محمد، سابق امیر ضلع مردان مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمان سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ بھارت پاکستان کا بدترین دشمن ہے۔ بھارت نے ایک منٹ کے لئے بھی پاکستان کا وجود تسلیم نہیں کیا۔ بھارت نہ بین الاقوامی قوانین مانتا ہے نہ ہی امن کی کوششوں کو تسلیم کرتا ہے۔ اس کو صرف طاقت کی زبان کی سمجھ آتی ہے۔ اگر وزیر اعظم کا ہیرو ٹیپو سلطان ہے، تو انداز بھی ٹیپو جیسا ہونا چاہئے۔ بہادر شاہ ظفر جیسے غلامانہ انداز قوم کو تسلیم نہیں کرتی۔وزیر اعظم امن کی بھیک نہ مانگیں۔ امن کی بات اور خواہش اچھی بات ہے، لیکن اس کے لئے اس حد تک گرنا پاکستانی قوم کے لئے قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پر پابندی لگادی ہے۔
