سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستا ن لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان قو م کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔لوگ بہت کم وقت میں حکومت سے مایوس ہوگئے ہیں۔حکومت نے آئی ایم ایف سے خفیہ معاہدہ کرکے ملک کی اقتصادیات کو تباہ کردیا۔اسٹیبلشمنٹ نے انتخابی نتائج تبدیل کرکے ملک کو معاشی، سیاسی اور اقتصادی بحران کا شکار کردیاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی سنگوٹہ سوات میں ضلع بھر سے آئے ہوئے جماعت اسلامی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی استعمار امتِ مسلمہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ اس وقت پورے عالم اسلام مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے۔ ان حالات میں امتِ مسلمہ کا اتفاق و اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بیرونی قرضوں سے ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ بجلی کے نرخوں اور مہنگائی میں اضافے نے قوم سے دو وقت کی روٹی اور جینے کا حق بھی چھین لیا۔آرمی چیف نے معیشت کا رونا روتے ہوئے حکومت کی پشتی بانی کی ہے۔ پاکستان کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ فوج حکومت کی پشت پر کھڑی ہے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع سوات محمد امین نے بھی خطاب کیا۔
