سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی موروثی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہم حکومت نہیں بلکہ انسان کو شریعت کے لبادے میں سنورنا چاہتے ہیں۔مینگورہ میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج چاروں اطراف سے اسلام کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہماری سیاست، صحافت اور سر زمین پر استعماری قوتوں کا قبضہ ہے۔ سینٹ کی مسجد میں بھی لاوڈ اسپیکر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ باطل قوتوں کے خلاف جہاد وقت کی ضرورت ہے۔ عالمی استعمار اسلام کو صوفی ازم تک محدود کرنا چاہتا ہے۔پاکستان بائیس کروڑ عوام، بہترین فوج اور وسائل کے باوجود بھی مقروض ترین ملک ہے۔ گیارہ مہینوں میں ریکارڈ قرضہ لیکر پی ٹی آئی نے قوم کو عذاب میں مبتلا کردیا۔جھوٹ نہ بولنے والے وزیر اعظم نے 365دن صرف جھوٹ ہی بولا،5555ارب کے ٹیکس عوام پر لگا کر آئی ایم ایف کو خوش کردیا گیا۔ آج پاکستانی کرنسی افغانی، بھارتی اور بنگلہ دیشی کرنسی سے بھی کم کردی گئی۔ پاکستان کی کرنسی 37فیصد کم ہوکر اب کاغذ ہی رہ گئی ہے۔ انتخابات سے پہلے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا اور انتخابات کے بعد پانچ لاکھ افراد کو بے روزگار کردیا گیا۔ پچاس لاکھ گھر دینے والوں نے کسی کو ایک گھر نہیں دیا اور لوگوں سے گھر واپس لئے۔،وزیر اعظم کا ویژن صرف نواز شریف سے ٹی وی اور اے سی واپس لینا ہے۔ ٹرمپ سے ہاتھ ملانے پر بھی پی ٹی آئی والے جشن منا رہے ہیں۔ امریکہ پاکستان سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا کام لیں گے۔کشمیر پر ثالثی پر خوشی منانے والے سن لیں اقوام متحدہ کی قرداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کو موقع ملا تو کرپشن فری پاکستان بنا کر دکھائیں گے۔ تقریب سے جماعت اسلامی سوات کے امیر محمد امین نے بھی خطاب کیا۔
