Swat

حالیہ بارش و برف باری سے ملاکنڈ ڈویژن کی اہم شاہراہیں بند

سوات   (باخبر سوات ڈاٹ کام)   حالیہ شدید برف باری سے ملاکنڈ ڈویژن سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ کئی اہم شاہراہیں آمد ورفت کے لیے بند ہوگئی ہیں۔ حکومتی رپورٹ کے مطابق ضلع چترال میں مدکلش، گرم چشمہ، کیلاش اور بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ ضلع دیر اپر میں لواری ٹنل سے ایک کلومیٹر فاصلہ پر دیر کے علاقہ میانہ خوڑ کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے لواری ٹنل جانے والی سڑک بند ہوگئی ہے۔ چترال کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ دیر اپر کے علاقوں کوہستان، براول، اتن درہ، روغانو درہ، عشیرے درہ اور بن شاہی سمیت اکثر سڑکیں برف باری کی وجہ سے بند ہوچکی ہیں۔ باجوڑ، دیر لوئر اور ملاکنڈ انتظامیہ کے مطابق دونوں اضلاع کی تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔ ضلع بونیر میں کلیل کنڈو کے مقام پر برف باری کی وجہ سے سڑک بند ہوگئی ہے۔ ضلع شانگلہ میں شانگلہ ٹاپ، یخ تنگے، اولندر، اجمیر اور بالائی علاقوں کی سڑکیں بند ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق شانگلہ ٹاپ کی سڑک ہلکی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔ ضلع سوات میں کالام روڈ پر جاخ کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے کالام روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے۔ وادئی کالام میں اتروڑ، مٹلتان اور بالائی علاقوں کی سڑکیں بھی ٹریفک کے لییبند ہیں۔ ملم جبہ میں سپینی اوبو کے مقام پر ملم جبہ سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ کمشنر ملاکنڈ کے دفتر نے رابطہ پر باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ کمشنر نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں بند سڑکوں سے برف ہٹاکر جلد از جلد ٹریفک کے لیے کھول دیں، تاکہ آمد ورفت شروع اور عوام کی مشکلات کم ہوسکیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں