سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) کرونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاط کے بارے میں سوات یونیورسٹی کے زیر اہتمام آگاہی سمینار کا انعقاد کیا گیا۔سمینار سے اپنے خطاب میں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ایک نیا وائرس ہے جس کے مریض اب تک75ممالک میں ہیں، جن میں پانچ مریضوں کا تعلق پاکستان سے ہے۔ کرونا وائرس سانس کے ذریعے ایک مریض سے دوسرے شخص میں منتقل ہوتا ہے۔ یہ قابل ِعلاج مرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس ایک سے دو میٹر کے فاصلے سے ایک مریض سے دوسرے مریض میں منتقل ہوتا ہے، جس سے بچنے کے لئے منھ اور ناک پر ماسک پہننا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے مرض میں مبتلا مریضوں سے نفرت کی بجائے محبت کرنا چاہیے۔ مریض کو جلد سے جلد علاج کے لئے ہسپتال پہنچا نا چاہیے، تاکہ کرونا کے مریض کا بروقت علاج ہوسکے۔ سوات یونیورسٹی کے شعبہ بائیو ٹیکنالوجی اور مائیکرو بیالوجی کے زیر اہتمام اس سمینار سے چین کے مشہور ڈاکٹر شنگ جنگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد جمال خان، ڈاکٹر تاج محمد خان، پروفیسر ڈاکٹر جعفر خان، ڈاکٹر محمد سلمان، فضل اکبر، نصیب زمان، محمد نثار خان، زاہد حسین، نثار احمد، سید شجیر، محمد رضوان، یا سر ودود،محمد علی اور ڈاکٹر ثانیہ اکبر نے کرونا وائرس اور اس سے بچاؤ کے بارے میں خطاب کیا۔
Swat
