(باخبر سوات ڈاٹ کام)ٹارگٹ کلنگ میں شہیدپولیس اہلکار عمران خان کو آبائی قبرستان سیر تلیگرام میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی پہلی نمازِ جنازہ گذشتہ رات پولیس لائن کبل میں ادا کی گئی جس میں آر پی اُو محمد اعجاز خان، پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ان کی میت کو سلامی دی گئی اور پھول چڑھائے گئے۔ ان کی دوسری نمازِ جنازہ جمعرات کی صبح آبائی علاقہ میں ادا کی گئی، جہاں پر فوج کے جوانوں نے ان کو سلامی دی اور جی اُو سی کی جانب سے ان کی قبر پر پھول چڑھائے گئے۔ سوات کے صحافی شیرین زادہ کی حفاظت پر مامور عمران خان کو بدھ کی رات اس وقت کانجو پولیس تھانہ کے قریب مصروف ترین کانجو چوک میں دو نامعلوم افراد نے قتل کیا تھا، جب وہ شیرین زادہ کو گھر چھوڑنے کے بعد موٹر سائیکل پر گھر جارہے تھے۔ تھانہ سی ٹی ڈی ملاکنڈ رینج کبل میں ان کے قتل کی ایف آئی آر دہشت گردی دفعات کے تحت تھانہ کانجو کے انسپکٹرگل شیر خان کی مدعیت میں دو نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کر دی گئی۔ ایف آئی آر کے مطابق عمران خان کے قتل کے بعد دہشت گرد ان کا سرکاری ایس ایم جی بھی ساتھ لے گئے۔ عمران خان 2004ء میں پولیس میں بھرتی ہوئے تھے۔ شہید نے سوگوران میں بیوہ، دو بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔ ایک ماہ قبل ان کے آخری بیٹے نے جنم لیا تھا۔
Swat
