سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) نیشنل بنک مین برانچ سیدو شریف اور زونل آفس ملاکنڈ ڈویژن کے سینئر وائس پر یزڈنٹ سمیت16 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد بنک اور ملحقہ زونل آفس کو بند کردیا گیا۔ مزید ملازمین کے ٹیسٹ کے لئے نمونے لے لیے گئے۔ بنک میں ایک ملازم میں کرونا کے اثرات آنے کے بعد جب ان کا ٹیسٹ مثبت آیا، توباقی ملازمین کے ٹیسٹ کرائے گئے جن میں سولہ ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی اور مزید ملازمین کے ٹیسٹ رزلٹ آنا باقی ہیں۔نیشنل بنک کی بندش سے ملاکنڈ ڈویژن کے نو اضلاع میں بنکنگ کا نظام شدید متاثر ہوگا۔ ایک بنک منیجر نے رابطہ پر باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ عید سے قبل لوگوں کو رقم کی ضرورت ہوتی ہے۔ تمام بنک رقم نیشنل بنک سے حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک سے آنے والی رقم کی کلیرنس بھی یہ بنک کرتا ہے، جو اس کے ساتھ بند ہو جائے گی۔ کسی کو چیک دینے والے افراد کے چیک بھی نیشنل بنک کے کلیرنس کے بغیر نہیں ہوسکیں گے۔ ٹیلیگراف ٹرانسفر(ٹی ٹی) بھی بند ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے20 مئی کو تمام صوبائی ملازمین کو تنخواہ اور پنشن دینے کا اعلان کیا ہے جو نیشنل بنک سے منتقل ہوکر مختلف بنکوں میں سرکاری ملازمین کے اکاونٹ میں منتقل ہوتے ہیں۔ اگر نیشنل بنک بند رہاتو ڈویژن بھر کے سرکاری ملازمین تنخواہ اور ریٹائرڈ افراد پنشن سے محروم رہیں گے۔
Swat
