(باخبر سوات ڈاٹ کام) چارباغ کے علاقے عا لم گنج میں لڑکیوں کا ہائی سکول نہ ہونے کی وجہ سے سیکڑوں بچیاں تعلیم سے محروم ہیں۔ تحصیل چارباغ کے بڑے گاؤں عالم گنج جس میں دوہزار سے زائد گھرانے آباد ہیں، مڈل کے بعد ہائی سکول نہ ہونے سے سیکڑوں بچیاں تعلیم سے محروم ہیں۔ مقامی رہائشی اور سابقہ معلم حنیف قیس کے مطابق گاؤں میں ہائی سکول نہ ہونے کی وجہ سے ان کی بیٹیوں سمیت علاقے کی سیکڑوں بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالم گنج اور لنڈے گاؤں کی مڈل پاس بچیاں مجبوری کی حالت میں دور چارباغ یا خوازہ خیلہ میں مزید تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ علاقے میں زیادہ تر لوگ غریب ہیں۔ وہ اپنی بچیوں کو دور دراز علاقوں میں مزید تعلیم کے لئے نہیں بھیج سکتے۔ والدین کی شدید خواہش کے باجود بچیاں تعلیم سے محروم ہیں۔ علاقے کی کئی بچیوں نے میڈیا کو بتایاکہ ان کی سہیلیاں مزید تعلیم حاصل کرناچاہتی ہیں، مگر ہائی سکول نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں بیٹھ جاتی ہیں۔ علاقے کے ایم پی اے سردار خان کہناہے کہ اس کو عالم گنج میں بچیوں کی تعلیم کے بارے میں معلوم ہے۔ اس سلسلے میں محکمہئ تعلیم نے باقاعدہ ہائی سکول کی منظوری دی ہے، مگر وہاں پر سکول کے لئے زمین دستیاب نہیں۔ اس لئے قریبی گاؤں گلی باغ میں ہائی سکول بنایا جا رہا ہے۔ ممکن ہے کہ آئندہ سال اس میں بچیوں کی تعلیم کاسلسلہ جاری رکھاجائے۔
Swat
