(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کی سول سوسائٹی کے سرگرم ارکان نے ایک پروقار تعلیمی ادارے میں خاتون پروفیسر کو ہراساں کرنے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے پر انتہائی دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔ فرینڈز آف سوات یونیورسٹی کے فوکل پرسن حاضر گل نے میڈیا کو ایک پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ایسے واقعات کا ہونا انتہائی پریشانی کا باعث ہے، جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ اس واقعہ نے بچیوں کے والدین میں ذہنی کرب اور بداعتمادی پھیلا دی ہے، جو یہاں کے تعلیمی اداروں میں ملازمت کر رہے ہیں یا تعلیم کے حصول میں مگن ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ واقعہ نہ صرف ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے بلکہ یہ ادارے کے ملازمین کے لئے بھی بدنامی کا باعث بنتا جا رہا ہے۔ اس ادارے میں نہ صرف درجنوں خواتین ملازمت کر رہی ہیں بلکہ سیکڑوں کی تعداد میں تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں۔ اس واقعے کی وجہ سے ان سب کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔
Swat
