Swat

اب ہر خاندان سالانہ دس لاکھ کا علاج مفت کرسکے گا، وزیر اعظم عمران خان

(باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ کسی صورت ملک لوٹنے والوں کو این آر او نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا جس دن این آر او دے دیا، تو یہ میں اس ملک سے غداری کروں گا۔ملک کے سارے چور ڈاکو جمع ہوے ہیں اور این آر او مانگ رہے ہیں۔ لندن میں بیٹھا ہوا ایک گیدڑ وہاں سے فوج پر الزامات لگا کر بغاوت پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ سب وہ بھارت کو خوش کرنے کے لئے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا پرویز مشرف نے ان کو این آر او دے کر بہت غلط کیا جس کی وجہ سے بیرونی قرضے اب ہم کو ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ دورہئ سوات کے موقع پر گراسی فٹ بال سٹیڈیم میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک تب ترقی کرے گا جب یہاں قانون کی بالا دستی ہوگی۔ جلسہ گاہ پہنچنے کے بعد انہوں نے سوات، چترال، دیر لوئر، دیر اپر اور ملاکنڈ کے افراد میں صحت پلس کارڈ تقسیم کیے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ محمود خان، اسپیکر قومی اسد قیصر، وفاقی وزیر مراد سعیداور صوبائی وزرا بھی موجود تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے ادا کیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج میں محمود خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے صوبے کے تمام خاندانوں کو صحت پلس کارڈ جاری کئے۔ اس پر اللہ تعالیٰ بھی محمود خان سے خوش ہوگا۔ اب ہر خاندان کے پاس علاج کے لئے سالانہ دس لاکھ روپے موجود ہوں گے، جس سے وہ پاکستان میں کہیں بھی اپنا علاج مفت کروا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم ایسے گھر بنائیں گے جو لوگ قسطوں پر خرید سکیں گے۔ وہ لوگ جو اپنا گھر نہیں بنا سکتے، اس سکیم سے وہ گھر کے مالک بن جائیں گے۔ آج جو نیا پاکستان ہم بنارہے ہیں، وہ ریاست مدینہ کے ماڈل پر ہوگا، جہاں انسان کی قدر ہوگی اور انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم نافذ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے امیر اور غریب کا بچہ ایک ہی نصاب پڑھے گا۔ خیبر پختون خوا اور پنجاب نے قانون سازی کی ہے۔ اب عدالتوں میں سول مقدمات ایک سال میں فیصلہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بہت بڑا ایکٹر ہے۔ بیماری کا بہانہ بنا کر عدالتوں سے کہا کہ مجھے علاج کے لئے جانے دیا جائے۔ عدالتوں نے ترس کھا کر مجھ سے کہا کہ بیمار ہے، جانے دو۔ میں نے عدالتوں سے کہا کہ چھے، سات ارب کا بانڈ لے کر اس کو جانے دو۔ جب وہ لندن پہنچا، تو پتا چلا کہ بیمار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا، موٹر وے اور نئے سیاحتی مقامات کی وجہ سے بدل رہا ہے۔اس صوبے میں سیاحت کی بدولت باہر سے بہت پیسا آئے گا۔ سوات پہنچنے کے بعد انہوں نے وزیر اعلیٰ کے ہمراہ نئے سیاحتی مقام گبین جبہ کا دورہ کیا۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔