(باخبر سوات ڈاٹ کام) پشاورہائیکورٹ مینگورہ بنچ نے نان کسٹم پیڈ ”کٹ گاڑیوں“کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ ملاکنڈ ڈویژن میں اب کٹ گاڑیاں نہیں چل سکیں گی۔ آٹوسکریپ سے غیرقانونی طورپر بنائی گئیں کٹ گاڑیوں کے خلاف آپریشن کے دوران سوات پولیس نے 40 سے زائدگاڑیوں کو قبضے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹیکس فری زون ہونے کے باعث ملاکنڈ ڈویژن سمیت قبائلی علاقوں میں نان کسٹم پیڈگاڑیوں کی آڑ میں آٹوسکریپ سے غیرقانونی طورپر بنائی گئی کٹ گاڑیوں کے بارے میں پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بنچ نے احکامات جاری کردیے، جس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔سوات سمیت ڈویژن بھر میں کٹ گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا آغازکردیاگیا۔ ڈی پی او سوات قاسم علی خان کے مطابق سوات میں اب تک چالیس سے زائد کٹ گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن میں آٹوسکریپ سے بننے والی گاڑیوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب ہے جو عام گاڑی کی نسبت پچاس سے ستر فیصد تک سستی ہوتی ہیں۔ان گاڑیوں میں ٹمپر گاڑیاں بھی چلتی ہیں جب کہ چوری شدہ گاڑیاں بھی ان ہی گاڑیوں کی آڑمیں چلتی رہتی ہیں، جس پر اب عدالتِ عالیہ کے حکم کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کی جانب سے پکڑدھکڑکے بعد کٹ گاڑیوں کو چھپادیاگیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق روڈ پر چلنے والی کٹ گاڑیوں کو ضبط کیا جائے گا۔
Swat
