(باخبر سوات ڈاٹ کام) مینگورہ کے علاقے ملوک آباد میں میکے بیٹھی ناراض بیوی کے انکار پرسعودی پلٹ شوہر نے سسراور سالی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ خوش دامن اور بردارِنسبتی سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوگئے۔ مینگورہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ ڈی ایس پی مینگورہ سٹی پیر سید خان کے مطابق واقعہ مینگورہ کے نواحی علاقے ملوک آباد میں رات گئے پیش آیا، جہاں پر سعودی پلٹ شخص گل محمد ولد الف خان سکنہ میاندم نے ایک سال سے ناراض ہوکر میکے بیٹھی بیوی کو لینے سسرال آیا۔ اس دوران بیوی کے انکار پر لڑائی ہوئی۔ ملزم گل محمد نے چھری کے وار کرکے اپنے سسر فضل مولا کو قتل کردیا جب کہ اس دوران فائرنگ بھی ہوئی۔ اس کی جواں سال سالی مسماۃ (گ)بھی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔ چھری کے وار سے اس کا برادرنسبتی ابراہیم ولدفضل مولا،اس کی بیوی مسماۃ (ر)،خودش دامن مسماۃ(ش) بھی چھری کے وار سے زخمی ہوگئے۔ ایک سالی مسماۃ (ش) بھی معمولی زخمی ہوگئی۔ ملزم نے بعدازاں خود پر بھی فائرنگ کرکے خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق متوفی ملزم اور اس کی بیوی مسماۃ (ح) کی شادی چار سال قبل ہوئی تھی۔ سولہ ماہ قبل گل محمد سعودی عرب گیا جبکہ اس کی بیوی ایک سال سے ناراض ہوکرمیکے بیٹھی تھی۔ مینگورہ پولیس نے مدعی زخمی ابراہیم کی دعویداری پر مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔
Swat
