(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں یونیورسٹی اور کالجز کے طلبہ نے ثقافتی ریسٹورنٹ کھول کر مثال قائم کردی۔ریسٹورنٹ کی انتظامیہ اور پانچویں سمسٹر کے طالب علم محب اللہ نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ سب طلبہ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ روز گار بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنے تعلیمی اخراجات روزگار سے پورا کرسکتے ہیں اور ان کی تعلیم کا بوجھ ان کے والدین پر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اس ریسٹورنٹ میں تمام کھانے اور چائے مٹکے میں بنائیں جاتے ہیں، جس کو لوگ بہت پسند کرتے ہیں۔مٹکے کی بریانی کی لوگ تعریف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ریسٹورنٹ میں کھانے کے علاوہ شطرنج، تاش، لڈو کے کھیل بھی موجود ہیں۔ ساتھ میں بحث مباحثے کے لئے بھی جگہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور خاص کر سمارٹ فون آنے کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے بات چیت کرنا، بحث مباحثہ چھوڑ دیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ لوگ یہاں آکر کچھ وقت موبائل سے دور ہوکر ایک دوسرے کے ساتھ مثبت بات چیت کریں۔ ریسٹورنٹ میں کھانے کے لئے آنے والے زین مراد اور خلیفہ خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ یہاں کا کھانا بھی اچھا ہے، لیکن مٹکے والی چائے اور اس میں زعفران اور بادام کا ذائقہ لا جواب ہے۔
Swat
