(باخبرسوات ڈاٹ کام) سوات میں ایشیا کی سب سے بڑی زمر د کان پر مافیا کا مبینہ قبضہ اور غیر قانونی کھدائی کے خلاف جم سٹون مرچنٹ ایسوسی ایشن نے کاروباری ادارے بند کیے اور سڑکوں پر نکل آئے۔ غیر قانو نی کھدائی میں محکمہئ معدنیات کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف کردیا۔ ایک ہفتے کے اندر غیر قانونی کھدائی بند اور نیلامی نہ کی گئی، تو کان پر چڑھائی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سوات جم سٹون مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر جنید آفرین نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ احتجاجی مظاہرے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دس سال قبل محکمہئ معدنیات نے اپنے منظورِ نظر افراد کو کان کا ٹھیکا دس سال کے لئے دس کروڑ روپے میں دلایا۔ پانچ ماہ قبل ٹھیکے کی میعاد ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی کھدائی ہورہی ہے جبکہ دوسری جانب نیلامی نہ ہونے کی وجہ سے پانچ ہزار سے زائد مزدور اور سیکڑوں اس کاروبار سے وابستہ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانچ مہینوں سے جاری غیر قانونی کھدائی کی تحقیقات کرکے مافیا سے کروڑوں روپے کی وصولی کی جائے۔ اگر ایک ہفتے کے اندر اندر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے، تو مرکزی شاہراہ کو بند اور ہم بھی کان پر چڑھائی کرکے کھدائی شروع کرنے پر مجبور ہوجائیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام اور حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ساڑھے 20 کروڑ روپے میں نیلام ہونے والی شموزئی زمردکان کی دستاویزات بھی ٹھیکے دار کو فراہم کئے جائیں۔
Swat
