(باخبر سوات ڈاٹ کام)خیبر پختون خواہ کے محکمہ یوتھ افیئر نے 6 خواتین سمیت 23 معذور افراد کو سہ روزہ سیاحتی دورے پر سوات بھیجا۔ ان افراد میں پولیو، بم دھماکوں، گولیوں اور حادثات میں عمر بھر کے لئے معذور ہونے والے افراد شامل ہیں۔ دورے کے معذور سربراہ انجینئر عرفان نےباخبرسوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ان افراد کو قدرتی خوبصورت نظارے دکھا کر ان کی تفریح مقصود ہے۔ تمام خصوصی افراد نے سوات پہنچنے کے بعد سفید محل مرغزار کا دورہ کیا اور پھر فضاگٹ میں نجی ہوٹل میں قیام کیا۔ ہفتہ کے روز یہ ملم جبہ گئے، جہاں برف سے محظوظ ہوئے۔ پھر چیئر لفٹ میں ملم جبہ کی سب سے اونچی پہاڑی سے وادیئ سوات کے مختلف علاقے اور قدرتی خوبصورتی دیکھی۔ اس موقع پر29سالہ مہناز آفریدی نے باخبرسوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ وہ ایک سال کی تھی جب ان کو پولیو ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ عمر بھر کے لئے معذور ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ 28سال وہیل چیئر پر گزارے، لیکن اس دوران اپنی معذوری سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلی بار ملم جبہ آئی ہوں۔ لوگوں سے ملم جبہ کی خوبصورتی کے بارے میں سنا تھا، لیکن آج خود جب دیکھا تو یہ میرے سنے گئے ملم جبہ سے بہت خوبصورت ہے۔ 29سالہ زینب برکت نےباخبرسوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ وہ بھی ایک سال کی تھی جب پولیو سے عمر بھر کے لئے معذور ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ وہ بیڈ منٹن کی نیشنل چمپئن اور انٹرنیشنل کھلاڑی بھی ہیں۔ ان خصوصی افراد نے اتوار کو مدین، بحرین، کالام، اوشو کا دورہ کیا اور قدرتی مناظر سے محفوظ ہوئے جس کے بعد آج پیر کو دورہ مکمل کرکے واپس پشاور روانہ ہوں گے۔
Swat
