(باخبر سوات ڈاٹ کام)پاکستان ہیومن ڈیولپمنٹ فنڈ (پی ایچ ڈی ایف) کے تعاون سے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) اور وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے ایکسلیریٹیڈ لرننگ پروگرام کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر سوات کے علاقوں بیدرہ،آلہ آباد،اہینگرو ڈھیرئی اور منگلور کے دینی مدرسوں میں دس سال سے پندرہ سال تک کے بچوں کو دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم بھی سکھائی جا رہی ہیں۔ این سی ایچ ڈی کے مطابق جن بچوں کے لئے اس پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے، یہ وہ بچے ہیں جو دینی مدارس میں پڑھ رہے تھے اور سکول نہیں جا سکے یا کسی اور وجہ سے اُن کا تعلیمی سلسلہ رُک گیا تھا۔ان بچوں میں پیکیج ون میں ریاضی، اُردو اور انگریزی کی تعلیم دی جا رہی ہے۔ پیکیجٹو میں کمپیوٹر سکھایا جاتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پانچ سال مکمل کرنے والے بچوں کو آٹھویں جماعت کا سرٹیفکیٹ دیا جائے گا، جو باآسانی میٹرک میں داخلہ لے سکیں گے۔ زیر تعلیم بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کا معائنہ کرنے کیلئے گذشتہ روز این سی ایچ ڈی کے ڈائریکٹر جنرل حسن بیگ،ڈائریکٹر آپریشن کے پی کے انور اقبال، پاکستان ہیومن ڈویلپمنٹ فنڈ کے سی ای اُو ظفر حیدر، ڈائریکٹر ایجوکیشن اسلام آباد ڈاکٹر شفقت علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی سوار خان نے سوات کے مختلف علاقوں میں قائم دینی مدارس کا دورہ کیا۔
Swat
