(باخبرسوات ڈاٹ کام) گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر3 شاہدرہ، مینگورہ کے استاد نے بے ہوش ہونے والے طالب علم کو کندھے پر ڈال کر ہسپتال پہنچایا اور شاگرد سے محبت کا ثبوت دیا۔ گذشتہ روز سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہوئی جس میں ایک شخص سفید کپڑوں میں ملبوس بچے کو کندھے پر ڈال کر ہسپتال پہنچا رہا ہے۔ وائرل تصویر کے ساتھ ”سلام استاد“ لکھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سکول کے پرنسپل شوکت علی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ سکول کی آٹھویں جماعت میں ہفتہ کے روز سکول کے سی ٹی استاد حبیب اللہ کلاس لے رہے تھے کہ اس دوران ایک اویس نامی طالب علم بے ہوش ہوگیا۔ سکول میں ان کو طبی امداد دی گئی لیکن ان کو ہسپتال پہنچانا ضروری تھا۔ جب ایمبولینس میں وہ ہسپتال پہنچے، تو بچے کے جوتے سکول میں رہ گئے تھے۔ ساتھ جانے والے استاد نے سٹریچر یا وہیل چیئر منگوانے سے پہلے بچے کو کندھے پر ڈالا اور ہسپتال میں ڈاکٹر کے پاس پہنچایا۔ پرنسپل کے مطابق بچہ اب ٹھیک ہے۔ حبیب اللہ سمیت تمام اساتذہ طلبہ سے اپنے بچوں جیسی محبت کرتے ہیں۔
Swat
