Swat

سوا ت میں پیدا ہونے والے آلوچہ بارے خصوصی رپورٹ

(باخبرسوات ڈاٹ کام)فطری خوبصورتی کے لئے مشہور سوات کو پھلوں کا گھر بھی کہا جاتا ہے۔ سوات میں اس وقت مشہور آلوچہ ”آلو بخارا“ جس کو مقامی لوگ”فضلِ منانئی“ کے نام سے پکارتے ہیں کا پھل تیار ہو چکا ہے۔ مختلف علاقوں کے باغات میں آلو بخاراکو درختوں سے اتار کر پیٹیوں میں بند کرکے ملک کے مختلف علاقوں میں بھیجا جارہا ہے۔ تحصیل بریکوٹ کے علاقہ کوٹہ کے ایک زمین دار طارق رفیق نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ آلو بخاراکا پھل ماہِ جون کے پہلے ایام سے اِسی ماہ کے آخر تک رہتا ہے۔اس مہینے میں یہ پھل ملک کے مختلف علاقوں کی منڈیوں میں فروخت کے لئے بھجوایا جاتا ہے۔ ایک اور زمین دار متصرف خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ سوات کی زمین میں تیزابیت اور بہتر آب و ہوا کی وجہ سے سوات کے تمام پھل اور خاص کر آلوچہ میں مٹھاس زیادہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر کے لوگ اس کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔ آلوچہ کے باغ کے ایک ٹھیکیدار گوہر علی نے بتایا کہ ایک کریٹ میں سات کلو تک آلوچہ آتا ہے جو آج کل لاہور، ملتان، گوجرانوالہ میں سات سے ساڑھے سات سو روپے میں فروخت ہوتا ہے۔ سوات کے زمین داروں کو ہر سال آلوچہ کی فروخت سے 50 کروڑ روپے سے زائد آمدن ہوتی ہے۔ محکمہئ زراعت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عزیر نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتا یا کہ سوات میں 1716 ایکڑ زمین پرآلوچہ کے2لاکھ 40 ہزار سے زائد درخت ہیں۔ مجموعی طور پر اعداد و شمار کے مطابق ان درختوں سے ہر سال 4 لاکھ 11 ہزار کلو گرام سے زائد آلوچہ کی پیداوار ہوتی ہے۔ اس وقت جب مارکیٹ میں ایک کلو آلوچہ 120 روپے میں فروخت ہوتا ہے۔ سوات کے زمینداروں کو اس پھل کی فروخت سے سالانہ50 کروڑ روپے سے زائد کی آمدن ہوتی ہے۔ سوات میں زیادہ باغات میں تین قسم کا آلوچہ ہوتا ہے۔ محکمہئ زراعت کے مطابق ماہِ مئی میں سوات میں ”ریڈ بلڈ“ نامی آلوچہ کی پیدوار ہوتی ہے جس کے بعد ماہِ جون میں ”آلو بخارا“ جس کو لوگ فضل منانئی بھی کہتے ہیں، کی پیدوار ہوتی ہے۔ جولائی میں آخری آلوچہ ”بلیک امبر“ کی پیدوار ہوتی ہے جو جولائی کے اختتام تک ختم ہو جاتی ہے۔ زمین داروں کا کہنا ہے کہ آلوچہ کے موسم میں ہزاروں افراد کو ان باغات میں روزگار کے مواقع فراہم ہوتے ہیں۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔