(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں پیسکوکے مین 132 کے وی گرِڈ سٹیشن میں خوفناک آتش زدگی سے قیمتی مشینری اور مین سوئچ روم اور تمام پینل جل کر راکھ ہوگئے۔ مینگورہ شہر اور سوات کے باقی علاقوں کی لاکھوں کی آبادی کو بجلی فراہمی معطل ہوگئی۔بجلی بحالی میں دو سے تین روز لگ سکتے ہیں۔ جمعرات کو صبح کے وقت شارٹ سرکٹ کی وجہ سے گرِڈ سٹیشن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے گریڈ کے باقی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گرِڈ سٹیشن میں لگی آگ سے بلند ہوتے شعلے اور دھواں دور دور سے دیکھا گیا۔ ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے چند منٹوں میں پہنچ کر آپریشن میں حصہ لیا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق آپریشن میں تین فائر برگیڈ، 15 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ بیس ہزار لیٹر سے زائد کا پانی استعمال کیا گیا۔ پیسکو زرائع کے مطابق آگ سویچ روم میں لگی جس کی وجہ سے یہ بری طرح جل گیا اور گریڈ کے مین کیبل بھی جل گئے۔ پیسکو حکام کے مطابق مردان سے ٹیم آرہی ہے۔ سو یچ روم ٹھیک ہونے میں دو سے تین روز لگ سکتے ہیں۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ضلع بھر میں پانی کی فراہمی بھی معطل ہوگی اور کاروبار زندگی کا پہیہ بھی رکا رہے گا۔ واضح رہے کہ سوات کے میدانی علاقوں میں ان دنوں تاریخی گرمی ہے۔
Swat
