(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔ بارش کا پانی گھروں اور عمارتوں میں داخل ہوگیا جس سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔ سیلابی ریلے کی وجہ سے ہائی ایس گرنے سے 15افراد زخمی ہوگئے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب طوفانی بارش شروع ہوئی جو پیر کی صبح تک جاری رہی۔ بارش کے ساتھ ہی نالوں اور ندیوں میں طغیانی آگئی۔ پانی گھروں اور کمرشل عمارتوں میں داخل ہوا جس سے کروڑوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچا۔ بالیگرام سیدو شریف میں روڈ پر تعمیراتی کام کے لئے روڑا ڈالا گیا تھا جس پر تارکول کا کام باقی تھا، لیکن پانی روڈ کا سارا روڑا بہا کر لے گیا۔ امانکوٹ، رحیم آباد، قمبر، لنڈیکس اور دیگر علاقوں میں بھی پانی گھروں اور دیگر عمارتوں میں داخل ہوگیا۔ مختلف مقامات پر سڑکوں پر ملبے کے ڈھیر لگ گئے۔تحصیل کبل کے علاقہ گودا میں مسافر ہائی ایس گرنے سے15افراد زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے شامل تھے۔ ریسکیو کے ڈسٹرکٹ آفیسر شیر دل خان کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے جنریٹروں کے ذریعے بیشتر گھروں سے پانی نکالا اور درجنوں افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر پہنچا دیا۔ ان کے مطابق تندو ڈاگ کے مقام پر سیلابی ریلا ریوڑ کو بہا کر لے گیا جس میں متعدد مویشی ہلاک ہوگئے۔ اطلاع پر ریسکیو اہلکاروں نے باقی جانوروں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ طوفانی بارش کے بعد ریسکیو کی 25 ٹیموں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ ”واسا سوات“ کے منیجر آپریشنل میاں شاہد علی کے مطابق طوفانی بارش کے بعد سیدو شریف، فیض آباد، امانکوٹ، رحیم آباد، شاہدرہ، فضاگٹ اور دیگر علاقوں کی سڑکیں رات کو ہی کھولنے کا کام شروع کردیا۔ اس آپریشن میں ”واسا“ کے تین سو سے زیادہ اہلکاروں نے حصہ لیا۔ 36 جدید گاڑیوں کے ذریعے ملبے کو صاف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 80 فیصد سے زیادہ ملبہ ہٹانے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ یہ عملہ آج منگل کو بھی صفائی کا کام کرے گا۔
Swat
